بیوٹی پارلر میں نوکری کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کو دبئی لے جا کر جسم فروشی کروانے والا گروہ گرفتار

09:38 AM, 29 Feb, 2020

نیا دور
گوجرانوالہ میں بیوٹی پارلر میں نوکری کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کو دبئی لے جانے اور پھر ان سے جسم فروشی کروانے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق دبئی سے واپس آنے والی دو لڑکیوں رخسانہ کوثر اور میمونہ تاثیر کی درخواست پر چار رکنی گروہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے عدیل نامی ایک ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ گروہ میں ملزم عدیل، اس کی بیوی نائلہ، عبیدالرحمان اور شمائلہ شامل ہیں۔

متاثرہ لڑکیوں کا کہنا ہے کہ ملزمان بیوٹی پارلر میں نوکری کا جھانسہ دے کر دبئی لے گئے جہاں انھیں قید کر کے جسم فروشی پر مجبور کیا گیا، موقع پاتے ہی ہم بھاگ کر پاکستانی سفارتخانے پہنچیں جہاں سے ہمیں واپس بھجوایا گیا۔

متاثرہ لڑکی میمونہ تاثیر کے مطابق دبئی میں جہاں انھیں رکھا گیا وہاں اور بھی 10 لڑکیاں قید تھیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، دوسرے ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

واضح رہے اس سے قبل پاکستانی لڑکیوں سے شادی اور انہیں چین لے جا کر جسم فروشی کرانے والا چینی گروہ بھی منظرعام پر آیا تھا۔
مزیدخبریں