کیا چودھری نثار مسلم لیگ ن میں واپس آ رہے ہیں؟

10:33 AM, 29 Jan, 2020

نیا دور
سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو ایک مرتبہ پھر پاکستان مسلم لیگ ن میں واپس لانے کی کوششیں، نواز شریف کو پیغام پہنچایا گیا کہ چودھری نثار کی واپسی سے پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ چند مہینوں سے نواز شریف اور چودھری نثار کے مشترکہ دوست بدگمانیاں دور کرنے میں سرگرم تھے اور انہوں نے نواز شریف کو پیغام پہنچایا کہ چودھری نثار نے نہ تو نئی پارٹی بنائی اور نہ ہی وہ کسی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں جبکہ چودھری نثار کی واپسی سے پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔

تاہم، سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق شہباز شریف بڑے بھائی کو منانے میں ناکام رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے چودھری نثار کو پارٹی میں واپس لانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

اس حوالے سے جب رانا ثنااللہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار کی شمولیت کے حوالے سے پارٹی اجلاس کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔

چودھری نثار کے قریبی ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے کبھی ذاتی طور پر ن لیگ میں واپس جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔

واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں چودھری نثار پی پی 10 راولپنڈی سے جیپ کے نشان پر بطور آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، انہوں نے پی پی 10 سے 53 ہزار 145 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل الیکشن لڑنے والے آزاد امیدوار نصیر الحسنین 22 ہزار 253 ووٹ حاصل کر سکے۔ تاہم، چودھری نثار علی خان نے تاحال پنجاب اسمبلی کی اس نشست کا حلف نہیں اٹھایا۔

چودھری نثار نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مجھے عام انتخابات کے بعد وزارت اعلیٰ کی پیشکش ہوئی تھی۔ مگر میں نہیں چاہتا تھا کہ آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے کے بعد کسی کی تنقید کا نشانہ بنوں۔

یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ اور سینئر سیاست دان چودھری نثار علی خان نے 2018 کے انتخابات سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) سے 35 سال رفاقت ختم کرتے ہوئے راستے جدا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

واہ کینٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ میں مزید مسلم لیگ (ن) کا حصہ نہیں ہوں۔ اپنے ضمیر کے مطابق یہ فیصلہ لیا، وہ اپنے آپ کو فروخت کے لیے نہیں رکھ سکتے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ طویل عرصے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا حصہ رہے اور انہوں نے عزت کے لیے سیاست کی اقتدار کے لیے نہیں۔
مزیدخبریں