صوابی میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ سے دو لیڈی ہیلتھ ورکرز جاں بحق

04:26 PM, 29 Jan, 2020

نیا دور

صوابی میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز جاں بحق ہوگئی۔


پولیس کے مطابق 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے پہلے روز صوابی کے علاقے پرمولی میرعلی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہی تھیں کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی۔




نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے لیڈی ہیلتھ ورکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ انکی ساتھی لیڈی ہیلتھ ورکر زخمی ہو گئی جسے فوری طبی امداد کے بعد پشاورکے اسپتال بھجوادیا گیا تاہم وہ جانبر نہ سکیں۔


پولیس کے مطابق سیکیورٹی پر موجود 2 پولیس اہلکاروں سے تحقیقات کی جارہی ہیں  کہ انہوں نے جوابی کارروائی کیوں نہیں کی۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کا کہنا ہے کہ ضلع میں انسداد پولیو مہم بدستور جاری ہے۔


خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا 2019 میں پولیو سے سب زیادہ متاثررہا ہے جہاں 100 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں