رسم قل کی وجہ سے ملتان میں تھا، سینٹ اجلاس میں نہیں پہنچ سکا، یوسف رضا گیلانی

05:49 AM, 29 Jan, 2022

نیا دور
پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارٹی رہنما نور ربانی کھر کی رسم قل کی وجہ سے ملتان میں تھا، پرانے ساتھیوں کے غم میں شریک تھا، اسلام آباد نہیں پہنچ سکتا تھا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میری عدم موجودگی کا شک(ن) لیگی قیادت کو کرنا چاہیے مصدق ملک کو نہیں، بطوراپوزیشن لیڈر سینیٹ میں میری شرکت ضروری تھی، حکومت نے جان بوجھ کر ایجنڈا تاخیر سے جاری کیا، ملتان میں ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکا۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت نے سیاسی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے، حکومت نے جان بوجھ کر رات کے اندھیرے میں اجلاس بلایا، چاہتے ہوئے بھی صبح سینیٹ اجلاس میں نہیں پہنچ سکتا تھا، حکومت کا وطیرہ ہے کہ ایجنڈا تاخیر سے جاری کرتی ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے علاوہ اور بھی ارکان سینیٹ اجلاس میں موجود نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ بطور اپوزیشن لیڈر ایوان میں میری شرکت ضروری تھی، ایجنڈا تاخیر سے ملنے پر سینیٹ اجلاس میں شرکت نہیں کرسکا۔

واضح رہے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کمال ہے کہ کیا ہے؟ اسٹیٹ بینک کا بِل پیش ہوا۔ قائدِ حزبِ اختلاف یوسف رضا گیلانی غائب۔ ایک ووٹ، یعنی گیلانی صاحب کا ووٹ کم ہونے سے پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنانے کا بل منظور کرلیا گیا۔ اور ان کو قائدِ اختلاف بنانے والے اور اپوزیشن بنچ پہ بیٹھنے والے سینیٹرز کی بل کی والہانا حمایت۔ مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ریاستِ مدینہ نے اپنے ہاتھوں سے غلامی کا طوق عوام کے گلے میں پہنا دیا۔

آج کے بعد اب نئی ایسٹ انڈیا کمپنی کے لارڈ گورنر سٹیٹ بینک کو نہ کوئی حکومت نکال سکتی ہے اور نہ ہی کوئی حکومت جوابدہ کرسکتی ہے، نہ ہی سٹیٹ بینک سے پیسے لے سکتی ہے، نہ بتا سکتی ہے کہ ڈالر کی قیمت کیا ہوگی، واہ ریاستِ مدینہ!

https://twitter.com/DrMusadikMalik/status/1486972636404006920


واضح رہے اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود ایوان بالا میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل صرف ایک ووٹ کی اکثریت سے منظور ہوگیا، حکومت ضمنی مالیاتی بل سمیت عالمی مالیاتی فنڈ کے جائزے کے لیے درکار دونوں بلز منظور کرانے میں کامیاب رہی۔
مزیدخبریں