شہزادی ڈیانا اسلام قبول کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں، سابق شاہی فوٹو گرافر کا بڑا انکشاف

09:30 AM, 29 Jan, 2022

نیا دور
مذہب اسلام کو قبول کرنے اور شہزادی ڈیانا کے حوالے سے ایک نیا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ برطانوی شہزادی ڈیانا سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ اسلام قبول کرنے کے حوالے سے کافی عرصہ تک سوچتی رہیں۔

لیڈی ڈیانا کے سابقہ اور سب سے پرانے شاہی فوٹو گرافر انور حسین نے انکشاف کیا ہے کہ موت سے قبل انہوں نے اسلام قبول کرنے پر غور کیا تھا تاکہ وہ ڈاکٹر حسنات سے شادی کر سکیں۔

شہزادی نے مبینہ طور پر ایک پرواز کے دوران شاہی خاندان کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے 83 سالہ انور حسین سے اس حوالےسے بات کی تھی۔ انور حسین نے ایک میگزین کو انٹرویو میں بتایا کہ تمام روشنیاں جب مدھم تھیں تو لیڈی ڈیانا نے مجھ سے سرگوشی کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا میں آپ سے ایک بات کر سکتی ہوں؟ انور حسین نے کہا کہ وہ جانتی تھیں کہ میری شادی ایک گوری لڑکی، کیرولین سے ہوئی ہے۔ وہ مجھ سے اسلام کے بارے میں جاننا چاہتی تھیں۔ وہ شادی کے بارے میں پوچھ رہی تھی کہ کیا کرنا بہتر ہوگا کہ جب ایک شخص مسلمان ہو اور دوسرا عیسائی۔

سابق شاہی فوٹوگرافر نے مزید کہا وہ اس وجہ سے دلچسپی رکھتیں تھی کہ وہ (اس وقت کے دوست) ڈاکٹر حسنات خان کے ساتھ ریلیشن شپ میں تھیں۔ انور حسین نے بتایا کہ ڈیانا نے ڈاکٹر حسنات کا ذکر نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ڈیانا یہ سوچتی ہوں گی کہ ڈاکٹر حسنات کے گھر والے اِن تمام چیزوں پر کیا ردعمل ظاہر کریں گے؟ ان کے والد عبدالرشید خان نے ڈاکٹر حسنات سے کہا تھا اگر تم نے لیڈی ڈیانا سے شادی کی تو وہ ایک سال سے زیادہ نہیں چل سکے گی۔ ہم ثقافتی طور پر ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں۔

لیڈی ڈیانا اس عرصے کے دوران پاکستان میں حسنات خان کے خاندان سے ملنے لاہور گئیں اور مبینہ طور پر وہاں منتقل ہونے پر غور کیا تاہم جون 1997 میں ڈاکٹر حسنات اور لیڈی ڈیانا الگ ہوگئے۔

اس کے بعد لیڈی ڈیانا نے جولائی 1997 میں مصری فلم پروڈیوسر دودی الفائد جو مسلمان تھے، سے ڈیٹنگ شروع کی۔ 2019 کی ایک دستاویزی فلم میں شہزادی ڈیانا کے ایک سابق بٹلر نے دعویٰ کیا کہ ڈیانا کی والدہ فرانسس شینڈ کیڈ نے ان کے دو مسلمان مردوں کے ساتھ رومانوی تعلقات کو سختی سے ناپسند کیا تھا۔

ایک اینگلیکن پادری نے 2017 میں انکشاف کیا کہ اپنی موت سے قبل، جب وہ دودی الفائد کو ڈیٹ کر رہی تھیں تو ڈیانا نے ان سے پوچھا تھا کہ کیا دو مختلف عقائد کے لوگوں کے لیے اینگلیکن چرچ میں شادی کرنا ممکن ہے۔

خیال رہے شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997 میں فلم پروڈیوسر دودی الفائد کے ہمراہ ایک کار حادثے میں دنیا سے چل بسی تھیں۔
مزیدخبریں