چودھری سرور نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں اور آج بھی ہم سے بڑا کوئی جلسہ نہیں کر سکتا۔ بلدیاتی انتخابات میں بھی پارٹی ورکرز کو متحد ہوکر امیدواروں کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ جب سب مل کر الیکشن لڑیں گے تو یقینی طور پر تحریک انصاف کی ہی جیت ہوگی۔
وہ جنوبی پنجاب کے پارٹی ورکرز کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ میرٹ پر ہی دیئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اصولی اور نظریاتی سیاست کی ہے۔ وہ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور پورے ملک میں یکساں ترقی بھی ان کا مشن ہے۔ عوام کو صحت اور تعلیم جیسی سہولتوں کی فراہمی کے لئے موجودہ حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں، ماضی میں ان کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ صحت کارڈ اور احساس پروگرام جیسے منصوبے بھی حکومت کی عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو عوام نے پانچ سال کے لئے حکومت کا مینڈیٹ دیا ہے۔ عمران خان بطور وزیراعظم اور تحر یک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کر یگی اور عام انتخابات بھی اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
چودھری سرور نے کہا کہ حکومت کی معاشی اور عوامی ترقی کے اقدامات کو سب تسلیم کر رہے ہیں۔ عالمی اقتصادی فورم نے بھی پاکستانی اقدامات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تخفیف غربت، یونیورسل ہیلتھ کئیر، ماحولیاتی تحفظ، انسانی وسائل وسرمایہ میں بہتری لائی اوربدعنوانی کے سدباب کیلئے اقدامات کے ضمن میں پاکستان کی حکومت نے قائدانہ کردار اداکیاہے،مختصر اورطویل المیاد پالیسی سازی کے حوالہ سے پاکستان کے سکور میں نمایاں اضافہ ہواہے۔