اسرائیلی جاسوس سافٹ وئیر کو ہیکنگ میں وٹس ایپ نے مدد دی: پی ٹی اے

02:25 PM, 29 Jul, 2021

نیا دور
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام کا کہنا ہےکہ انکے اندازے کے مطابق پیگاسس بنانے والی اسرائیلی کمپنی این ایس او نے جو کچھ کیا اس میں واٹس ایپ شامل تھا۔
امجد علی خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری وازرت داخلہ نے کمیٹی کو سائبرکرائم کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ دنیا میں ہمارے قوانین کو تسلیم نہیں کیا جاتا، یہ ایک بڑا مسئلہ ہے جب کہ ڈی جی سائبر کرائم کا کہنا تھا کہ کئی معاملات میں کنٹری ٹو کنٹری تعاون نہیں ہوسکتا تھا، ایف اے ٹی ایف آنے سے اب کنٹری ٹو کنٹری تعاون ممکن ہوگیا ہے، عالمی سطح پرپولیس رابطے کی اجازت مل گئی ہے، اب ڈارک ویب، پورنوگرافی اور ایسے دیگر سائبرکرائمزکی اطلاعات ہمیں دیگر ملکوں سے مل رہی ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے سائبر کرائمز نے مزید بتایا کہ فیس بک، ٹوئٹر اور دیگرنے ہمیں پورٹل دے رکھے ہیں، ہم وہاں شکایات درج کرواتے ہیں مگر ہمیں صرف 34 فیصد جواب دیے جاتے ہیں، ہمیں صرف چائلڈ پورنوگرافی کے حوالے سے جواب دیے جاتے ہیں۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی اے حکام نے انکشاف کیا کہ پیگاسس کے ذریعے دنیا بھرمیں جاسوسی کی گئی، فوج نے پہلے ہی بروقت ایکشن لیا اور اسمارٹ فون پر پابندی عائد کی۔
پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ انکرپشن توڑی نہیں جاسکتی اور پیگاسس آپ کا مائیک ہیک کرلیتا ہے، ہمارا اندازہ ہے کہ واٹس ایپ نے ان کی مدد کی ہے، پیگاسس بنانے والی این ایس او نے جو کچھ کیا ہمارے اندازے میں واٹس ایپ اس میں شامل تھا، گوگل کے پاس ہماری سائبر ایکٹیوٹی کا سارا ریکارڈ موجود ہے۔

بھارت کی جانب سے جاسوسی کے لیے پرسنز آف انٹرسٹ میں عمران خان بھی شامل

غیر ملکی میڈیا نے  اس ماہ کے آغاز میں انکشاف کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا فون اسرائیل کے جاسوسی سوفٹ ویئر کے ذریعے نشانے پر رہا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت ان ممالک میں شامل ہے جو اسرائیل کے جاسوسی سوفٹ ویئر کا استعمال کررہا تھاجس کے ذریعے بھر میں صحافیوں، حکومتی عہدیداروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے اسمارٹ فونز کی کامیاب نگرانی کی جاتی رہی ہے اور اب رپورٹ میں مختلف شخصیات کے نام بھی سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق میں عمران خان بھی بھارت کے نشانے پر رہے ۔

غیرملکی خبر ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق میڈیا کے 17 اداروں کی جانب سے جاری کی گئی تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم ازکم ایک مرتبہ عمران خان کا فون نمبر ہیکنگ لسٹ میں شامل کیا گیا۔
مزیدخبریں