جنوری سے جون 2022ء کے دوران ملک میں دہشت گردی کے 434 واقعات، 323 افراد جاں بحق

04:20 PM, 29 Jul, 2022

عبداللہ مومند
وزارت داخلہ نے سینیٹ میں تحریری جواب جمع کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال جنوری سے جون تک دہشت گرد حملوں میں 323 افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 188 سیکورٹی فورسز کے افراد جبکہ 135 سویلین تھے۔

تحریری جواب کے مطابق دہشت گرد حملوں میں 718 افراد زخمی ہوئے جس میں 360 کا تعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جبکہ 358 سویلین ہیں۔ تحریری جواب کے مطابق خیبر پختونخوا میں 247 دہشت گرد حملوں میں 223 افراد جان بحق اور 414 زخمی ہوئے۔

بلوچستان میں 171 دہشت گرد حملوں میں 87 افراد جاں بحق اور 234 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ سندھ میں دہشت گردی کے 12 واقعات میں 8 افراد جان بحق اور 34 زخمی ہوئے۔

تحریری جواب کے مطابق پنجاب میں دہشت گردی کے ایک واقعہ میں 3 افراد جان بحق اور 32 زخمی ہوئے۔ اسلام آباد میں دہشت گردی کے 3 واقعات میں 2 افراد جان بحق اور 4 زخمی ہوئے۔
مزیدخبریں