مسلم لیگ (ن) نے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا

11:30 AM, 29 Jun, 2019

نیا دور
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چئیر مین شپ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی مشکلات کا واحد حل  وسط مدتی انتخابات ہیں۔  ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے میثاق معیشت کے تناظر میں عوامی فلاح کیلئے تجویز کیے گئے معاشی اقدامات کو تسلیم نہیں کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم سمیت پوری سلیکٹڈ معاشی ٹیم ناکام ہو چکی ہے، اس لیے اس کا حل یہی ہے کہ ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت ملک کی بھاگ ڈور سنبھالے اور معاشی بہتری کے اقدامات کرے۔

شہباز شریف نے اس موقع پر پی اے سی کی چئیرمین شپ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے رانا تنویر کو چئیرمین پی اے سی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اس فیصلے کو ماننے کے پابند ہیں، اس لیے وہ پی اے سی کا اجلاس نہیں بلا رہے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لے لیا جبکہ حکومت کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیاہے۔
مزیدخبریں