سندھ حکومت عملی اقدامات کرتی رہی اور وزیراعظم سوچتے رہے

07:07 AM, 29 Mar, 2020

نیا دور
چین میں کرونا وائرس پھیلنا شروع ہوا تو وزیراعظم عمران خان نے سوچنا شروع کیا کہ اس وبا سے کیسے بچا جاٸے، وبا ایران پہنچی تو وزیراعظم غور کرتے رہے کہ اس وبا کا کیسے مقابلہ کیا جاٸے؟ چیٸرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اس بات پر زور دیتے رہے کہ ملک میں لاک ڈاؤن کر کے کرونا سے بچا جا سکتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا بس سندھ حکومت پر چلا، سندھ حکومت کرونا وبا سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلٸے عملی اقدامات اٹھاتی رہی جبکہ وزیراعظم پاکستان سوچنے میں مصروف رہے۔

سندھ میں لاک ڈاؤن شروع ہوا، اس کے بعد پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اور تو اور اسلام آباد بھی بند ہوا۔ سندھ کی طرح صرف پرچون، بیکری، سبزیوں، گوشت سمیت میڈیکل سٹور کھلے رکھنے کی اجازت دی گٸی۔ تقریباً 90 فیصد لوگ رضا کارانہ طور پر اپنے گھروں میں محفوظ ہو گٸے مگر وزیراعظم غور کرتے رہے، سوچتے رہے۔ موصوف لاک ڈاؤن اور کرفیو کی تمیز کرنے میں الجھے رہے۔

جمعے کے روز وزیراعظم عمران خان سوچنے کے بخار سے باہر آٸے تو اعلان فرمایا کہ کرونا واٸرس سے نمنٹے کیلیے وہ ٹاٸیگر فورس بنا رہے ہیں اور فنڈ قاٸم کر رہے ہیں۔ وہ بیرونی ملک مقیم پاکستانیوں اور عوام سے کہیں گے اس فنڈ میں رقم جمع کراٸیں۔

اب زرا سن لیجیے! سیالکوٹ میں پی ٹی آٸی کے ضلعی ناظم الطاف چیمہ کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مار کر ہزاروں کی تعداد میں ماسک پکڑے ہیں، جو انہوں نے مہنگے داموں بیچنے کیلیے ذخیرہ کر رکھے تھے۔ ارے ہاں یاد آیا۔ چین سے پاکستان کو ملنے والے کرونا ٹیسٹ کٹ سیدھے سیدھے شوکت خانم ہسپتال کو منتقل کیے گٸے، جہاں کسی بھی ٹیسٹ سے قبل ہزاروں روپے فیس وصول کی جاتی ہے۔ اب مجھے کوٸی بتاٸے کہ ٹاٸیگرز کے چیف سردار کے اس عمل پر ان کے ٹاٸیگر کیسے کیسے کارنامے سر انجام دیں گے؟

میرے ایک اینکر دوست مظہر برلاس نے جمعہ کے روز انہیں سیدھا راستہ دکھاتے ہوٸے کہا تھا کہ 10 سال پہلے کی حکومت نے بیت المال کے ایم ڈی زمرد خان کے ذریعے مشکلات کا مقابلہ کیا تھا۔ سچی بات بھی یہی ہے۔ خدمت کیلیے نیت صاف ہو تو سوچ بھی تعمیری ہو جاتی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے سوات میں امن بحالی ہو یا 2010 اور 2011 کا انتہائی بدترین سیلاب، 30 لاکھ متاثرین کو سنبھالا تھا۔ انہیں عمدہ خوراک، صاف پانی اور ڈاکٹروں اور ادویات کی بلاتاخیر فراہمی کو یقینی بنایا تھا۔ دہشت گردی اور سیلاب کی تباہی کے باوجود صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دیا تھا۔

اب جبکہ کرونا وبا نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں، ہر ضلع کو 2 کروڑ روپے منتقل کر بھی چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی ایم این ایز، سینیٹرز اور ایم پی اے ایز سمیت معاونین خصوصی اپنی تنخواٸیں امدادی فنڈ میں جمع کروا چکے ہیں۔ مگر وزیراعظم پاکستان مسلسل کوما میں رہنے کے بعد ہوش میں آنے کے بعد ٹاٸیگرز کی بھرتی اور فنڈ میں رقم آنے کے منتظر ہیں۔ جبکہ وزیراعلی سندھ چین سے ملنے والے کرونا کٹ اپنے صوبے کے ساتھ پورے ملک میں بھیج چکے ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ سندھ میں کرونا وبا کے خلاف جنگ کی قیادت چیٸرمین بلاول بھٹو زرداری کر رہے ہیں اور دنیا اس وقت بلاول بھٹو کی کرونا کے خلاف جنگ کی تعریف کر رہی ہے۔
مزیدخبریں