پولیس نے جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت پر مقدمہ درج کردیا۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تھانہ سٹی میں یہ ایف آئی آر درج کی گئی جس میں ساؤنڈ سسٹم استعمال کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
پولیس اور انتظامیہ کے مطابق جماعت اسلامی نے اجازت کے بغیر لیاقت باغ میں جلسہ کیا تھا۔ گزشتہ روز لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کے جلسہ عام میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی تھی۔
دوسری جانب نائب امیر جماعت اسلامی راولپنڈی رضا احمد شاہ نے کہا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ نے قیادت کو اندھیرے میں رکھا، 13 مارچ کو انتظامیہ کو اجازت کے لیے درخواست دی تھی لیکن انتظامیہ نے جلسہ سے چند گھنٹے قبل اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا، جواب میں تاخیر سے معاملات خراب ہوئے، جماعت اسلامی کی قیادت ایف آئی آر کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گی۔
یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ٹویٹ میں لکھا کہ شکریہ راولپنڈی آج لیاقت باغ میں عوام کی بڑی تعداد جماعت اسلامی کےجلسہ عام میں شریک ہوئی، اپنی مایوسی کو امید میں بدلا۔ جماعت اسلامی کی عوامی حقوق کےلیے مسلسل جدوجہد اندھیرے میں روشنی کی کرن ہے۔ عوام اس سے وابستہ ہو رہے ہیں، رجوع کر رہے ہیں۔ راولپنڈی کے نظم و کارکنان کے لیے شاباش۔ اور ان کا کہنا تھا کہ عوام کرونا سے زیادہ اس حکومت سے تنگ ہیں۔