سکیورٹی خدشات: داسو اور تربیلا ڈیم کے بعد دیامر بھاشا ڈیم پر بھی کام روک دیا گیا

جی ایم دیامر بھاشا ڈیم نزاکت حسین کا کہنا تھا کہ فی الحال ایف ڈبلیو او کا عملہ ڈیم پر کام کر رہا ہے۔ 6 ہزار مقامی افراد ڈیم پر کام میں مصروف ہیں۔ چند دنوں میں صورتحال معمول پر آجائے گی جس کے نتیجے میں چینی ملازمین کی واپسی ہوگی۔

02:49 PM, 29 Mar, 2024

نیا دور

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر داسو اور تربیلا ڈیم کے بعد چینی کمپنیوں نے دیامر بھاشا ڈیم پر بھی سول ورک معطل کردیا۔ مقامی عملے کو گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم چینی باشندےتاحال خیبرپختونخوا میں مہمند ڈیم پر کام کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق داسو اور تربیلا ڈیم کے بعد اب دیامر بھاشا ڈیم پر بھی کام روک دیا گیا ہے تاہم چینی باشندے تاحال خیبرپختونخوا میں مہمند ڈیم پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دیامر بھاشا ڈیم پر تقریباً 500 چینی شہری ڈیم کی تعمیر میں مصروف ہیں۔

منصوبے پر کام کرنے والے اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چینی کمپنی نے کام روک دیا ہے اور مقامی عملے کو گھر پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے جی ایم دیامر بھاشا ڈیم نزاکت حسین کی طرف سے کام رکنے کی تصدیق کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ایف ڈبلیو او کا عملہ ڈیم پر کام کر رہا ہے۔ 6 ہزار مقامی افراد ڈیم پر کام میں مصروف ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

انہوں نے امید ظاہر کی کہ چند دنوں میں صورتحال معمول پر آجائے گی جس کے نتیجے میں چینی ملازمین کی واپسی ہوگی۔

خیبر پختونخوا کے علاقے شانگلہ میں دہشت گردی کے واقعے میں چینی شہریوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ روز تربیلا ڈیم کے ایکسٹینشن فائیو بجلی کے منصوبے سمیت داسو اور کچھ دیگر مقامات پر چینی کمپنیوں کی جانب سے کام روک دیا گیا۔ 

وزارت آبی وسائل کے اعلیٰ حکام نے چینی کمپنیوں کی جانب سے تربیلا، داسو اور کچھ دیگر مقامات پر عارضی طور پر کام بند کرنے کی تصدیق کی ہے۔

منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی چین پاور کنسٹرکشن کارپوریشن نے آفس آرڈر میں کہا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث سائٹ اور دفاتر میں کام روک دیا گیا ہے۔ کمپنی نے  ملازمین کو بھی فارغ کر دیا ہے۔

مزیدخبریں