خیبرپختونخوا: شہری نے اپنے ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کر دیا

12:28 PM, 29 May, 2020

نیا دور
خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کی پولیس کا کہنا ہے کہ حبس بے جا میں رکھے ہوئے افراد کی بازیابی کی کوشش کے دوران ایک شہری نے اپنے ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کر دیا جبکہ پولیس نے کارروئی کے دوران 3 بچوں کو بحفاظت نکال لیا۔

ڈی پی او بٹگرام طارق سہیل نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ضلع بٹگرام کے علاقے پازنگ میں مسلح شخص نے اسلحے کی نوک پر اپنے خاندان کے افراد کو حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کی شناخت جہانزیب خان کے نام سے ہوئی ہے، جس نے پولیس کے پہنچنے سے قبل دونوں بیویوں، بیٹا اور بہو کو قتل کردیا تھا۔

ڈی پی او نے مزید بتایا کہ مسلح شخص نے پولیس پر بھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ جوابی فائرنگ سے ملزم بھی ہلاک ہوگیا۔

واقعے کے حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے جن بچوں کو بحفاظت بازیاب کروایا ہے ان کی عمریں 2 سال سے 17 سال کے درمیان ہیں۔

طارق سہیل کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس اس وقت قتل کے واقعے کے پیچھے محرکات سے لاعلم ہے جبکہ پولیس ملزم کی ذہنی حالت کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کررہی ہے۔
مزیدخبریں