وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ حکومت خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی علمبردار ہے۔اسلام بھی ہمیں خواتین کی عزت اور احترام سیکھاتا ہے۔ خواتین سے بدسلوکی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ ایک مخصوص سیاسی جماعت کی جانب سے کیے جانے والا پروپیگنڈا سراسر جھوٹا اور گمراہ کن ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایک نام نہاد سیاسی پارٹی اپنے مذموم مقاصد کے لیے خواتین بارے زہریلا پروپیگنڈہ کر کے عوام کی جھوٹی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔ کیونکہ عوام شرپسندوں کی سرپرستی کرنے والی نام نہاد سیاسی جماعت کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے 9 مئی کے دہشتگردانہ واقعات میں ملوث خواتین کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا جس میں سے 21 رہا ہو چکی ہیں اور اس وقت 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔ جن کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے اور قیدی خواتین خود بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اچھے سلوک کی گواہی دے رہی ہیں۔
عامر میر نے کہا کہ 9 مئی کی شرپسندی کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص حسب سابق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے مگر جھوٹے پروپیگنڈے سے سستی ہمدردی حاصل کرنے کی یہ کوشش بھی ناکام ہو گئی یے کیونکہ عوام شرپسندوں کی سرپرستی کرنے والے کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں اس لیے اب جھوٹ کی دوکان چلانے والے بلوائی کو شرم کرنی چاہیے۔
عامر میر نے کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث خواتین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔