تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلر حسن علی کمر کے بعد پسلیوں کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے ہیں جس کے بعد ان کی کرکٹ میں واپسی مزید تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔ حسن علی ستمبر سے کمر کی تکلیف کا شکار تھے اور اسی وجہ سے وہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز اور دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔
حسن علی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب میں حصہ لیا جس کے بعد انہیں قائداعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی جانب سے کراچی میں نویں راؤنڈ کا میچ کھیلنے کی اجازت دی گئی تاکہ میچ سے ان کی فٹنس کا اندازہ لگایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ سے قبل حسن علی نے پسلیوں میں تکلیف کے بارے میں بتایا جس کے بعد کراچی کے ایک ہسپتال سے ان کا سکین کرایا گیا، سکین میں دائیں طرف پسلیوں میں تین جگہ سے ہئیر لائن فریکچر کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پسلیوں میں فریکچر کا انکشاف ہونے کے بعد حسن علی کو سینٹرل پنجاب سے ریلیز کر دیا گیا ہے اور انہیں لاہور بھیج دیا گیا ہے۔ لاہور میں پی سی بی میڈیکل پینل اب دوبارہ حسن علی کا سکین کرائے گا۔ جس کی رپورٹ آنے پر انہیں مزید آرام کرنے یا نہ کرانے کا فیصلہ ہوگا اور اس بات کا بھی تعین ہو پائے گا کہ وہ کب تک مکمل فٹ ہو کر میچ پریکٹس شروع کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ حسن علی پاکستان کی جانب سے 9 ٹیسٹ، 53 ون ڈے اور 30 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ جبکہ انہوں نے آخری میچ آئی سی سی ورلڈکپ میں 16 جون کو مانچسٹر میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔