پاک آسٹریلیا ٹیسٹ،  باؤنسی وکٹ اور فاسٹ ٹریک کیلئے پرتھ سٹیڈیم میں ڈراپ اِن پچز کا کام مکمل

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا ۔اس میچ کو کرکٹ آسٹریلیا ویسٹ ٹیسٹ کا نام دیا ہے۔

12:36 PM, 29 Nov, 2023

ذیشان نواز

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ہی ڈارپ اَن پچز کا کام مکمل ہوگیا۔

آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گراؤنڈ کے سکوئر پر 5 ڈراپ اِن پچز پر وکا گراؤنڈ کی گھاس اور مٹی کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ ایک پچ کا وزن 25 ٹن کے قریب ہے جس کی تنصیب میں 2 دن کا وقت لگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز پہلا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔اس میچ کو کرکٹ آسٹریلیا ویسٹ ٹیسٹ کا نام دیا ہے۔

میدان پر میچ سے قبل گراؤنڈ سٹاف پچ تیار کرتا ہے تاہم ڈراپ اِن پِچز میں ایسا نہیں ہے۔ ان پچز کو دوسرے مقام پر تیار کیا جاتا ہے بعدازاں انہیں دوسرے مقام پر انسٹال کردیا جاتا ہے۔ ڈراپ اِن پِچز کے استعمال کی اصل وجہ یہ ہے کہ کرکٹ کے میدان کرکٹ کے علاوہ اور بھی کھیلوں کی میزبانی کر سکے۔

ڈراپ اِن پِچ کو گراؤنڈ سے باہر ایک لوہے کے سانچے کے اندر تیار کیا جاتا ہے جس میں نیچے پہلے مٹی اور اوپر گھاس کی تہہ لگائی جاتی ہے۔ ان دونوں تہوں کو کافی عرصے تک اسی لوہے کے سانچے میں رکھا جاتا ہے جب تک کہ پِچ مکمل تیار نہیں ہوجاتی۔

جب یہ پِچ میچ کے مطابق تیار ہوجاتی ہے تو انہیں مشین (کرین) کی مدد سے لوہے کے سانچے سمیت گراؤنڈ میں لایا جاتا ہے اور پچ کی جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ   آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کچھ گراؤنڈز ایسے ہیں جو کرکٹ کے علاوہ دوسرے کھیلوں جیسے   فٹبال اور رگبی کی میزبانی بھی کرتے ہیں اس لیے جب کرکٹ کا سیزن ختم ہوجاتا ہے تو ان ڈراپ اِن پِچز کو اٹھاکر گراؤنڈ سے باہر رکھ دیا جاتا ہے اور پِچ کی جگہ مصنوعی گھاس اور مٹی ڈال کر گراؤنڈ کو دوسرے کھیلوں کیلئے تیار کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں