معاملہ اللہ پر چھوڑا تھا، اللہ نے سرخرو کیا ہے: نواز شریف

نواز شریف نے کہا کہ فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ اپنے معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا۔ العزیزیہ ریفرنس معاملہ بھی اللہ پر چھوڑا ہوا ہے۔

06:56 PM, 29 Nov, 2023

نیا دور

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر انہیں بری کرنے پر ردعمل سامنے آگیا۔نوازشریف نے کہا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ اپنے معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا اسی نے سرخرو کیا۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے کے بعد ن لیگ کے قائد نواز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا کہ معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا۔ اللہ نے سرخرو کیا ہے۔ العزیزیہ ریفرنس معاملہ بھی اللہ پر چھوڑا ہوا ہے۔

ایک صحافی نے پوچھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جگہ اب بیرسٹر گوہر بن گئے ہیں تو اس پر کیا کہیں گے؟ تو نواز شریف نے کہا کہ بس یہی قدرت کا نظام ہے۔

دوسری جانب مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نواز شریف کی سزا کالعدم قرار دیے جانے پر ٹویٹ میں کہا کہ جب انسان ظلم سہنے کے باوجود اپنے معاملات اللّہ تعالیٰ کے سپرد کر دیتا ہے تو وہ پوری دنیا کے سامنے انسان کو کس طرح سُرخرو کرتا ہے۔ یہ اس کی ایک مثال ہے۔

علاوہ ازیں، سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھائی کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے یہ دن دکھایا۔ میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی اور خاندان کو سرخرو فرمایا۔ بے گناہ محمد نواز شریف نے معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو ہر الزام سے بری کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قید خانے، زنداں، بے بنیاد مقدمات، چادر اور چار دیواری کی پامالی، کردار کشی سمیت اذیت کا ہر حربہ اختیار کیاگیا لیکن اللہ تعالیٰ نے سچائی واضح کر دی۔ مریم نواز شریف نے ہمت، صبر اور بے مثال جرات و بہادری سے حالات کے جبر کا مقابلہ کیا، پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہمیشہ اپنے قائد کی بے گناہی کا یقین تھا۔ انہوں نے بہادری سے اپنے قائد کا ساتھ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہادر قائد نے زندگی کے تلخ ترین لمحوں میں بھی کبھی ہمت نہیں ہاری۔ نواز شریف کے اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسے اور ثابت قدمی سے سیاسی انتقام لینے والوں کے پاؤں اکھڑ گئے۔عدلیہ کا شکریہ جس نے انصاف دیا۔

مزیدخبریں