صحافی عمران ریاض خان کا یوٹیوب چینل ہیک، تمام ویڈیوز ڈیلیٹ

11:43 AM, 29 Sep, 2022

نیا دور
صحافی عمران ریاض خان نے ٹوئٹر پر اطلاع دی ہے کہ یوٹیوب پر ان کا اکاؤنٹ ہیک ہو چکا ہے اور ان کی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی گئی ہیں۔

عمران ریاض خان کے یوٹیوب اکاؤنٹ پر 34 لاکھ 50 ہزار سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔ اس اکاؤنٹ کو ہیک کر کے ان کی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کے بعد اس اکاؤنٹ کا نام بھی تبدیل کر کے ایک بٹ کوائن کے نام پر Ethereum 2.0 رکھ دیا گیا ہے۔

تاہم، اب سے کچھ دیر قبل عمران ریاض خان نے ایک اور ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ایک گھنٹے میں اکاؤنٹ مکمل طور پر ریکور ہو جائے گا۔ انہوں نے لکھا: "اتنی محنت ملک کو بہتری کی طرف لیجانے کی کرتے تو کتنا اچھا ہوتا۔ کئی ہفتے لگا کر یک چینل ہیک کیا اور وہ بھی اگلے 2 گھنٹوں میں انشاءاللہ مکمل ریکور ہو جائے گا۔"



عمران ریاض خان ماضی میں دعویٰ کر چکے ہیں کہ وہ اپنے یوٹیوب چینل سے لاکھوں روپیہ کماتے ہیں اور یہ چاہیں تو کروڑ، دو کروڑ روپے کا گھر ہر دو ماہ بعد بنا سکتے ہیں۔ ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا تھا جب ان سے ایک صحافی نے سوال کیا تھا کہ ان کے پاس اتنے پیسے کیسے آئے کہ انہوں نے لاہور میں اپنا 4 کنال پر مبنی گھر بنا لیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نیا دور ٹی وی پر بھی ہیکرز کی جانب سے اسی قسم کا حملہ رواں برس جون میں کیا گیا تھا۔ ہمارے چینل پر ایک بٹ کوائن سے متعلق ویڈیو چلا دی گئی تھی اور تمام ویڈیوز کی monetization بند کر دی گئی تھی۔ تاہم، فوری طور پر اس حوالے سے آگاہ ہونے کے بعد نیا دور ٹی وی نے فوری ایکشن لے کر اس کوشش کو ناکام بنایا تھا۔ ہیکرز نے چینل کا نام بھی تبدیل کر دیا تھا اور ادارے کو اس ہیکنگ کی کوشش سے مکمل طور پر بازیاب کروانے میں دس سے زائد دن لگے تھے۔

عمران ریاض خان کو پاکستان تحریکِ انصاف کا حامی سمجھا جاتا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ کی ہیکنگ پاکستان میں اس وقت جاری طاقتور طبقات میں بدترین جنگ کی ہی ایک کڑی ہے۔
مزیدخبریں