ملک بھر میں آج جشن عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

عید میلادالنبیؐ کرے موقع پرنگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نےاپنے پیغام میں کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی زندگی ہمدردی، رواداری اورمحبت کی ایک تابندہ مثال ہے۔ آپﷺ کا کردار اور اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں جس میں ہمیں احسان، انصاف اور صلہ رحمی کا درس ملتا ہے جو کہ آج کی منقسم دنیا میں امید کی شمع کی مانند ہے۔

12:15 PM, 29 Sep, 2023

نیا دور

ملک بھر میں آج سرور کائنات، حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کا دن جشن عیدمیلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

پاک فوج کی جانب سے دن کے آغاز پر دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت ﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کر رہی ہیں۔ مختلف علاقوں کو نعلین مبارک اور سبز پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ اس مقدس دن کے موقع پر مساجد، گھروں، گلیوں، شاہراہوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔

آج ملک بھر میں ولادت النبی ﷺ کے حوالے سے جلوس و ریلیاں نکالی جائیں گی۔محافل نعت منعقد کی جائیں گی۔

لاہورسے نکالا جانے والا عید میلادالنبیؐ کا جلوس نوری مسجد ریلوے سٹیشن سے شروع ہوگا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوگا۔اس کے علاوہ ملک بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مباسبت سے جلوس نکالے جائیں گے۔ جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت مرکزی جلوس علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری دیگر علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا۔

عید میلادالنبیؐ کرے موقع پر صدر مملکت عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پیغامات جاری کیے ہیں۔ 

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نبی اکرم ﷺ کی زندگی وسیرت اور اس میں موجود تعلیمات پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں ان اقدار کو قائم کریں اور ایسے ماحول کو فروغ دیں جہاں ہر فرد کی عزت اور حقوق محفوظ ہوں۔ 12ربیع الاول، عید میلاد النبی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ میں میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین ﷺ کی ولادت ِباسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے ۔

آپﷺ کی بدولت انسانیت اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہدایت کے انعام اور رحمت سے سرفراز ہوئی ۔حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور آپﷺ کی زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت ، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفت ومحبت کی مجسم تصویر ہے۔ آپؐ کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کیلئے رہنمائی کا ایک لازوال ذریعہ ہیں۔ آپؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔

رسول اللہ ﷺ کی سیرت ِطیبہ میں ہمیں نہ صرف ایمانیات وعبادات بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات، اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپؐ کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں اور مذہبی تنوع کا حامل ملک ہے ۔ یہاں اسلام کے علاوہ دیگر ادیان اور مذاہب کے لوگ بھی رہتے ہیں۔

ہمیں چاہیے کہ ہم اس تنوع کی قدر کریں اور اپنے ہم وطنوں کے درمیان افہام و تفہیم اور اتحاد ویگانگت کے فروغ کیلئے تندہی سے کام کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نبی اکرمﷺ نے مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کے قیام کے بعد دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ جو معاہدے کیے اور اسلامی ریاست میں غیر مسلموں کو دیے جانے والے جن حقوق کا تذکرہ فرمایا، وہ ہم سب پاکستانیوں کو اپنے سامنے رکھنا چاہیے اورکوشش کرنی چاہیے کہ پاکستان کے اتحاد واتفاق کو نقصان پہنچانے والی قوتیں کبھی کامیاب نہ ہو پائیں۔

ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذہبی طبقات خود کو محفوظ اور مامون محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں نبی اکرم ﷺ کی ولادت کے مبارک دن پر ہر پاکستانی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی قوم اور پوری دنیا کیلئے اللہ تعالیٰ سے رحمتوں کے خواست گار ہوں۔ ہماری اجتماعی دعائیں ہمارے لیے ترقی، خوشحالی اور قوت کا ذریعہ بنیں۔ میری دعا ہے کہ پاکستان پر اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں نازل ہوں اور حضور نبی اکرمﷺ کی تعلیمات ایک انصاف پسند اور خوشحال معاشرے کے قیام کے عمل میں ہماری راہیں روشن کرتی رہیں۔

جبکہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اس وقت جن مشکلات اور نازک صورتحال سے دو چار ہے ان میں ہمیں نبی کریمﷺ کی تعلیمات کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ 12ربیع الاول 1445ھ/2023 کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں نبی اکرم حضرت محمدﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسولﷺ کا امتی بنایا کہ جو رحمتہ العالمین ہیں، آپ ﷺ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابلِ تقلید ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی زندگی ہمدردی، رواداری اورمحبت کی ایک تابندہ مثال ہے۔ آپﷺ کا کردار اور اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں جس میں ہمیں احسان، انصاف اور صلہ رحمی کا درس ملتا ہے جو کہ آج کی منقسم دنیا میں امید کی شمع کی مانند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف مشکلات سے نبرد آزما ہے، ضروری ہے کہ ہم اس نازک صورتحال میں اپنے پیارے نبیﷺ کی تعلیمات کی طرف رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم بھائی چارے، محبت اور ہمدردی کی ان اقدار پر عمل پیرا ہوں جو رسول ﷺ نے وضع فرمائی ہیں اور ہم تمام مسلمانوں اور مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کے لیے ان کے پیغام کو مشعل راہ بنائیں، ہم رواداری اور بقائے باہمی کا نمونہ بننے کی بھرپورکوشش کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس مبارک موقع کی مناسبت سے ہم معاشرے کے ان لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو کمزور اور مفلوک الحال ہیں اور ہماری مدد کے منتظر ہیں، نبی کریمﷺ نے معاشرے میں ضرورت مندوں اور کمزوروں کی مدد کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر ان لوگوں کی مدد کرنی چاہیے جو مشکلات سے دوچار ہیں، ضرورت مندوں کے لیے مہربانی کا ہاتھ بڑھائیں اور سب کے لیے ایک بہتر مساوی معاشرے کی تعمیر کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا با برکت دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم ان اقدار، جن کی بنیاد آپﷺ نے ڈالی، اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اختیار کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک پاکستان کو امن ، ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے اور ہم سب کو مل کر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی آپﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزیدخبریں