بریکنگ نیوز: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 سے 30 روپے کمی کا اعلان

04:04 PM, 30 Apr, 2020

نیا دور
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے بعد پاکستانی حکومت نے بھی عوام کو ریلیف فراہم کر دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 سے 30 روپے تک کی کمی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اوگرا کی جانب سے وزارت خزانہ کو سمری بھجوائی گئی تھی جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 20 روپے 68 پیسے کم کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جب کہ  ہائی سپیڈ ڈیزل 33.94 پیسے اور لائٹ ڈیزل 24.57 روپے سستا کرنے جب کہ مٹی کا تیل 44.07 روپے سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

وزارت خزانہ نے  پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے جب کہ لائٹ ڈیزل  میں 15 روپے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت 30.01 روپے فی لیٹر کم کی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔

قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد ملک میں پیٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 80 روپے 10 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 47 روپے 44 پیسے ہو گی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 47 روپے 51 پیسے پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث وزیراعظم عمران خان نے ریلیف پیکچ کا اعلان کرتے ہوئے گذشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔
مزیدخبریں