ڈاکٹر یاسمین راشد صاحبہ بھی ماں ہیں ، انکی صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں: مریم نواز

11:14 AM, 30 Apr, 2021

نیا دور
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ بھی کینسر جیسے موذی مرض سے لڑتی رہی ہیں، وہ جانتی ہیں کہ یہ کتنی تکلیف دہ بیماری ہے۔  مریم نواز نے کہا کہ ڈاکٹر صاحبہ بھی ماں ہیں ان کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں، اللہ ماؤں کو سلامت رکھے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کینسر سے نبرد آزما ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ عوام کی صحت کیلئے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہیں۔   ڈاکٹر یاسمین راشد مضبوط اعصاب سے بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے کے باوجود اس عالمی وباء کے دوران اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ سوشل میڈیا سائٹس پر صوبائی وزیر صحت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مختلف سیاسی وسماجی حلقوں کے لوگ انہیں خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔  اسی اثناء میں مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کی صحت یابی بارے میں کہا کہ وہ ڈاکٹر یاسمین راشد صاحبہ کے لئے دعاگو ہیں۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1388079627814453249?s=1002

اس وقت وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد بریسٹ کینسر کی بیماری سے لڑ رہی ہیں اور ان کی کیموگرافی کا کورس تاحال جاری ہے۔ بریسٹ کینسر کے عارضے میں مبتلا ہونے کے بعد ان کا آپریشن دسمبر 2020 کے دوسرے ہفتے میں شوکت خانم میموریل اسپتال میں کیا گیا تھا جہاں ان کی سرجری کی گئی تھی۔

وزیر صحت پنجاب  ڈاکٹر یاسمین راشد کی سرجری شوکت خانم اسپتال میں ڈاکٹر آمنہ نے کی تھی جو کامیابی سے مکمل کی گئی تھی۔ جبکہ سرجری کے بعد صوبائی وزیر کی حالت بہتر بتائی گئی تھی۔ کچھ روز تک انہیں مکمل آرام کا بھی مشورہ دیا گیا تھا تاہم کرونا کی تیز لہر کے باعث انہوں نے صوبائی نظام صحت اور کرونا ویکسین کے حوالے سے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ سرجری کی وجہ سے ان کے بال بھی کاٹ دئیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ مریم نواز کی والدہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز میں بھی کینسر تشخیص کیا گیا۔ کلثوم نواز طویل عرصہ کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھیں بعد میں اسی بیماری کے باعث انتقال کر گئیں۔
مزیدخبریں