”عمران خان 2020 میں خود ہی سب کچھ تحلیل کر سکتے ہیں“

08:00 AM, 30 Dec, 2019

نیا دور
پاکستان کی مشہور ماہر علم نجوم سامعہ خان نے مستقبل کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 2020 میں خود ہی سب کچھ تحلیل کر سکتے ہیں۔

پاکستان کے سیاسی مستقبل  کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے سامعہ خان نے بتایا کہ دسمبر 2019 میں تمام نشانیاں 2000 اور 1991 والی ہیں۔ 1991 میں جب سورج گرہن لگا تو نواز شریف کی حکومت دو تہائی اکثریت کے باوجود ختم ہو گئی تھی۔

سامعہ خان نے کہا کہ 2000 کی طرح آج بھی سات ستارے ایک ہی گھر میں ہیں۔ اس وقت نائن الیون ہوا تھا جس سے پوری دنیا ایک جنگ کی حالت میں چلی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو داخلی خارجی خطرات رہیں گے۔ 2020 کے پہلے چھ ماہ ملک کیلئے انتہائی مشکل لگ رہے ہیں۔ عمران خان کو بہت محتاط رہنا پڑے گا کیوں کہ ایسے خطرات موجود ہیں کہ کہیں دلبرداشتہ ہو کر خود ہی سب کچھ تحلیل نہ کر دیں۔

ماہر نجوم نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو اس وقت اپنی ساکھ بچانے کیلئے کوششیں کرنی پڑیں گی۔

نواز شریف کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ان کا دور ختم ہو سکتا ہے لیکن سیاست ختم نہیں ہو سکتی۔ مریم نواز بھی جلد ملک سے باہر چلی جائیں گی اور 2020 کے آخری چھ مہینوں میں وہ اپنا آپ سیاست میں منوائیں گی۔

سامعہ خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادر کے متعلق کہا کہ ستاروں کی چالیں ماضی میں ان کے مخالف رہی ہیں اور 2020 کے پہلے تین ماہ ان کے کیلئے بہت اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2020 تک ملک کیلئے بہت مشکلات ہیں، جب تک نومبر 2020 نہیں آئے گا حالات اونچ نیچ کا شکار رہیں گے۔
مزیدخبریں