بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان تحریک طالبان کے حکیم اللہ محسود گروپ کا ترجمان، کمانڈر صفی اللہ محسود افغانستان کے صوبہ خوست میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مارا گیا۔
تحریک طالبان پاکستان نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ صفی اللہ محسود پر حملہ افغان طالبان کے حقانی نیٹ ورک کی جانب سے کروایا گیا۔
واضح رہے کہ قاری صفی اللہ محسود پاکستان میں متعدد دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہونے کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مطلوب تھا۔
کمانڈر صفی اللہ محسود 2015 میں پیش آنے والے سانحہ صفورا میں بھی ملوث تھا، جس میں تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگردوں نے اسماعیلی شیعہ برادری کے 40 سے زائد افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔