حکومت کاپاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو بلیک لسٹ کرنے کا حکم

07:43 AM, 30 Dec, 2022

نیا دور
پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیلیے دی جانے والی ایمنسٹی اسکیم 31 دسمبر کو ختم ہو جائے گی۔وفاقی حکومت نے نادرا کو اُن غیر ملکیوں  کو بلیک لسٹ کرنے اور جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت جاری کردیں۔

وزارت داخلہ نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو ہدایت کی ہے کہ اسکیم کی میعاد ختم ہونے کے بعد سہولیات میں توسیع نہ کی جائے۔

اس ضمن میں ایمنسٹی اسکیم ختم کرنے کیلئے وزارت داخلہ نے نادرا کو مراسلہ ارسال کر دیا جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ  یکم جنوری سے پاکستان میں اوور اسٹے کرنے والے غیر ملکی باشندوں سے جرمانہ وصول کیا جائے ۔

وزارت نے نادرا کو اُن غیر ملکیوں کو بلیک لسٹ کرنے کی بھی ہدایت کی جو اسکیم کی میعاد ختم ہونے کے بعد ایک سال سے زائد عرصے سے پاکستان میں مقیم ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے خط میں بتایا گیا کہ بلیک لسٹ میں غیر ملکیوں کے نام شامل کرنے سے پہلے انہیں ملک چھوڑنے کی ایک بار اجازت دی جائے گی لیکن ان کی ملک چھوڑنے کی درخواستوں کا عمل حتمی تاریخ سے قبل واجب الادا جرمانے کی ادائیگی کے بعد شروع ہوگا۔

وزارت نے نادرا کو غیر ملکیوں کو ملک سے باہر جانے کی اجازت پر جرمانے وصول کرنے کے لیے پاکستان آن لائن ویزہ سسٹم میں تبدیلی کی بھی ہدایت جاری کی گئیں۔

وزارت داخلہ نے پاکستان میں زائد عرصے سے مقیم غیر ملکیوں کو ویزہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد ملک سے روانگی کے اجازت نامے جاری کردیے۔ پاکستان آن لائن ویزہ سسٹم کے ذریعے اُن غیر ملکیوں کو جاری کیے جاتے ہیں جو ایک سال سے زائد عرصے تک پاکستان میں مقیم ہیں جبکہ دیگر (مانول) اجازت نامہ ان لوگوں کو جاری کیا جاتا ہے جو جرمانے ادا کرکے ایک سال سے زائد عرصے تک قیام کرچکے ہیں۔

وزارت کی جانب سے بھارتی اور صومالی شہریوں سے کہا گیا کہ وہ وزارت میں خود جاکر درخواست دیں۔

خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے 29 جولائی سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیلئے اسکیم جاری کی تھی ، ایمنسٹی اسکیم کے تحت غیر ملکیوں کو پاکستان سے نکلنے کیلئے بھاری جرمانے کی رقم ادا نہیں کرنا تھی۔
مزیدخبریں