عمران خان نے والد کی وفات کے 3 سال بعد عیادت کے لئے زمان پارک بلایا، ہم نے انکار کر دیا؛ سلیمان قادر

03:49 PM, 30 Dec, 2022

نیا دور
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ سپنر عبدالقادر کے بیٹے سلیمان قادر نے انکشاف کیا ہے کہ والد کی وفات کے ساڑھے تین سال بعد عمران خان کی جانب سے انہیں پیغام بھیجا گیا ہے کہ وہ ان کے والد کی وفات پر تعزیت کرنا چاہتے ہیں لہٰذا وہ زمان پارک میں عمران خان کے گھر آ جائیں۔ ایک ویڈیو پیغام میں سلیمان قادر نے بتایا کہ عمران خان کے بلاوے پر انہوں نے زمان پارک جانے سے معذرت کر لی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کی وفات پر اس کے گھر جا کر تعزیت کرنا روایت ہے اسی لئے عمران خان کا اپنے گھر بلانا خاصا معیوب لگا۔ ان کی والدہ نے اس بلاوے کو مناسب نہیں سمجھا، لہٰذا انہوں نے زمان پارک جانے سے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کے بارے میں بہت سارے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ جنازوں میں شرکت نہیں کرتے اور تعزیت کے لئے بھی کسی کے گھر نہیں جاتے۔ اس سے پہلے وہ اپنے قریبی دوست اور پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق کی تعزیت کے لئے بھی نہیں گئے تھے۔ اسی طرح عمران خان ارشد شریف کے جنازے میں بھی نہیں شامل ہوئے تھے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ عمران خان کی ان غیر حاضریوں کے پیچھے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ہدایات کارفرما ہیں۔
مزیدخبریں