سیاسی فائدے کے لئے میری موت کی افواہ اڑائی گئی، شدید تکلیف پہنچی؛ فردوس جمال

03:59 PM, 30 Dec, 2022

نیا دور
پاکستان ٹیلی وژن کے معروف اداکار فردوس جمال نے کہا ہے کہ حکومت وقت نے علاج معالجے کے لئے انہیں امداد فراہم کی جو ایک قابل ستائش عمل ہے مگر بجائے اس کے کہ اس حکومتی اقدام کی تعریف کی جاتی، ایک مخصوص سیاسی گروہ نے سیاسی فائدے کے لئے میری موت کی جھوٹی خبر اڑا دی جس سے مجھے شدید تکلیف پہنچی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں فردوس جمال کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبر پھیلانے والوں کو جھوٹا ثابت کرنے کے لئے انہیں خود سامنے آنا پڑا۔ جنہوں نے میرے مرنے کی خبر دی ہے انہیں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں ابھی زندہ ہوں۔ حکومت پاکستان نے پہلی مرتبہ اس سطح پر کسی فنکار کی مدد کی ہے اور حکومت کا یہ عمل قابل ستائش ہے۔ بجائے اس کے کہ اس حکومتی اقدام کی تعریف کی جاتی، ایک مخصوص سیاسی گروہ نے الٹا میری موت کی جھوٹی خبر پھیلا دی۔

فردوس جمال نے کہا کہ اگر ان کو ملنے والی حکومتی امداد سے کسی کو سیاسی نقصان پہنچ رہا ہے تو اس میں میرا کوئی قصور نہیں ہے۔ مجھے اس جھوٹی خبر پھیلانے کے عمل سے شدید تکلیف پہنچی ہے۔

خیال رہے کہ ماضی کے معروف اداکار فردوس جمال ان دنوں کینسر کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ کچھ روز قبل حکومت پاکستان کی جانب سے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ہسپتال جا کر ان کی خیریت دریافت کی تھی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے انہیں ایک کروڑ روپے کی امداد مہیا کی تھی۔

حکومت کی جانب سے امداد کا اعلان سامنے آنے کے بعد گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک افواہ پھیلا دی گئی کہ فردوس جمال کی موت واقع ہو گئی ہے۔ یہ بہت تکلیف دہ بات ہے کہ اس خبر کے بعد ایوارڈ یافتہ فنکار کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے سے اپنے زندہ ہونے کا ثبوت دینا پڑا۔
مزیدخبریں