حکومت پاکستان نے ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10 ہزار50پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیئے

حکومت نے ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10ہزار50 پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنیکا عمل شروع کر دیا،پاکستانی شہری انسانی سمگلنگ، غیر قانونی رہائش ، منشیات، شدت پسندی اور دیگر جرائم میں گرفتار کئے گئے ہیں

03:15 PM, 30 Dec, 2024

نیا دور کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10 ہزار 50 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کئے گئے ہیں۔ پاکستانی شہری انسانی سمگلنگ، غیر قانونی رہائش ، منشیات، شدت پسندی اور دیگر جرائم میں گرفتار کئے گئے ہیں  جب کہ ایران نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 4ہزار سے زائد پاکستانی غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرنے کے جرم میں ایران میں گرفتار ہوئے ہیں، جبکہ جرائم میں ملوث پاکستانی شہریوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جرائم میں ملوث پاکستانیوں کے پاسپورٹ 5 اور 7 سال کیلئے بلاک کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے جراسم میں ملوث پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنیکا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں چند روز قبل یو اے ای میں منشیات کے جرائم میں ملوث 2 ہزار 470 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کئے گئے تھے۔

نومبر میں حکومت پاکستان نے عراق سے ڈی پورٹ 1500 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا، ابتدائی طور پر 50پاکستانیوں کے پاسپورٹ 7 سال کے لئے بلاک کرنیکا فیصلہ کیا گیا ۔

وزارت داخلہ کے مطابق عراق سے ایک ہزار 500 سے زائد پاکستانی شہری گزشتہ 6 ماہ میں ڈی پورٹ ہوئے ہیں جن کے پاسپورٹ بلاک کئے جائینگے۔

اکتوبر میں حکومت پاکستان نے سعودی عرب میں قید 4 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کئے تھے ، سعودی عرب کی حکومت نے ان 4 ہزار پاکستانی شہریوں کو بھیک مانگنے اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا۔

ان پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ 7 سال کے لئے بلاک کئے گئےہیں۔ سعودی عرب میں گرفتار 60فیصد سے زائد شہریوں کا تعلق صوبہ پنجاب اور خیبر پی کے سے ہے۔

مزیدخبریں