قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

07:00 AM, 30 Jan, 2020

نیا دور
قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی اسد خان اور سپاہی محمد شمیم شہید ہوئے۔

اس سے قبل 5 دسمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ یکم دسمبر 2019 کو پاک۔افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ 12 نومبر 2019 کو شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے دھماکے کے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ پاک فوج جہاں بیرونی دشمنوں سے ملک کو بچانے کے لیے سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے تو وہیں اس کے سیکڑوں جوان ملک کی حفاظت کرتے ہوئے دہشت گردی کا شکار ہو کر شہید ہو چکے ہیں۔
مزیدخبریں