پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پختونوں کی سرزمین ایک بار پھر دہشت گردی کی تازہ لہر کی لپیٹ میں ہے جو خطے خصوصاً ڈیورنڈ لائن کے دونوں اطراف میں بین الاقوامی اور خطے کی طاقتوں کے مذموم مقاصد اور مفادات کی جنگ کے سلسلے کی نئی کڑی کی نوید ہے۔ اس لیے پختونخوا ملی عوامی پارٹی اس غیر انسانی اور پرتشدد طاقت اور معاشی مفادات کے کھیل میں ملوث تمام طاقتوں کو خبردار کرتی ہے کہ یہ خطہ مزید خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس خطے کے ممالک بڑی طاقتوں کے مفادات کی جنگ میں کودنے اور شراکت داری سے باز رہیں ورنہ اس مرتبہ یہ جنگ پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر کے بالقنائزیشن کی طرف لے جائے گی اور اس کے نیتجے میں علاقے میں موجود تمام ریاستوں کی سلامتی اور آزادی کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔
پختونخوا ملی عوامی پارٹی ریاست پاکستان بالخصوص پاکستان کی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ موجودہ سیاسی اور معاشی عدم استحکام کو مدنظر رکھ کر اپنی اس قسم کی تمام سابقہ پالیسیوں اور منصوبوں پر نظر ثانی کرے اور ان پالیسیوں کو جیو سٹریٹجک کے بجائے پرامن بقائے باہمی، جیو اکنامکس اور جیو ڈیموکریسی کے بنیادی اصولوں پر استوار کیا جائے۔