امریکہ:مسافر طیار فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر دریا میں گر گیا،18 لاشیں نکال لی گئیں

ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کی ٹیک آف اور لینڈنگ کا عمل روک دیا گیا ہے،طیارہ امریکن ایئر لائنز کی پرواز 5342 تھا، جس میں 60 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے، حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں 3 فوجی سوار تھے، جو تربیتی پرواز اڑا رہے تھے

01:49 PM, 30 Jan, 2025

نیوز ڈیسک

امریکی ایئر لائنز کا ایک مسافر طیارہ اور فوجی ہیلی کاپٹر ریگن نیشنل ایئرپورٹ واشنگٹن کے قریب فضا میں ٹکراکر دریائے پوٹومیک میں گر کر تباہ ہوگئے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ’واشنگٹن پوسٹ‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دریا کے پانی سے اب تک 18 لاشیں نکال لی گئی ہیں، تاہم تاحال کسی زندہ شخص کو نہیں نکالا گیا۔

ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹیڈ کروز نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ ہلاکتیں ہوئی ہیں‘، تاہم انہوں نے تعداد نہیں بتائی۔

ایئرلائن کے مطابق طیارہ امریکن ایئر لائنز کی پرواز 5342 تھا، جس میں 60 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے، حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں 3 فوجی سوار تھے، جو تربیتی پرواز اڑا رہے تھے۔

ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کے ٹیک آف اور لینڈنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار ایک خاتون مسافر کا حوالہ دیتے ہوئے ایک شخص نے ایئرپورٹ حکام سے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ وہ وہاں پہنچی یا نہیں‘، اتنا کہہ کر ان کے آنسو گرنے لگے۔

امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس بات کی تصدیق کی جاسکتی ہے کہ آج رات کے واقعے میں گرنے والا طیارہ ورجینیا کے شہر فورٹ بیلوار سے نکلنے والا آرمی کا یو ایچ 60 ہیلی کاپٹر تھا، ہم مقامی عہدیداروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور دستیاب ہونے کے بعد اضافی معلومات فراہم کریں گے۔

فروری 2009 کے بعد سے امریکا میں کوئی مسافر طیارے کا حادثہ پیش نہیں آیا، لیکن حالیہ برسوں میں بعض واقعات نے سنگین حفاظتی خدشات کو جنم دیا ہے۔

واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر سے لی گئی ایک ویب کیمرے کی ویڈیو میں رات 9 بج کر 47 منٹ (رات 7 بج کر 47 منٹ پاکستانی وقت) کے قریب دریائے پوٹومیک کے پار ہوا میں دھماکا دیکھا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں