تفصیلات کے مطابق پاک آرمی کا چھوٹا تربیتی طیارہ راولپنڈی کے علاقہ موہڑہ کالو میں آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 17 افراد شہید ہوگئے، جن میں طیارے میں سوار 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 اہلکار جب کہ گھروں میں سوئے 12 عام شہری شامل ہیں، جن میں بچے اور خواتین بھی تھے۔
طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گرا جس سے قریبی گھروں میں آگ لگ گئی، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر راولپنڈی عبدالرحمٰن نے بتایا کہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ حادثے کے بعد راولپنڈی کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 12 سے زائد ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں 12 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راولپنڈی موہڑہ کالو میں آبادی پر گرکر تباہ ہونے والا چھوٹا طیارہ پاک آرمی کا ہے جو کہ معمول کے مطابق تربیتی پرواز پر تھا۔ طیارے میں سوار 2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 اہلکار شہید ہوئے جن میں پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل ثاقب، لیفٹیننٹ کرنل وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدار رحمت شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے جائے حادثہ کو حصار میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
ایک عینی شاہد نے جہاز گرنے سے کچھ لمحے قبل کی ویڈیو بھی بنائی ہے۔
صدر مملکت کی تعزیت صدر مملکت عارف علوی نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔