حمزہ کا دھڑن تختہ ہو چکا، لگتا ہے اب شہباز شریف کی باری ہے

05:54 PM, 30 Jul, 2022

نیا دور
سینئر تجزیہ کار اور صحافی رضا رومی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے فرزند حمزہ پر 7 ستمبر کو فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے۔ حمزہ شہباز کی حکومت کا تو دھڑن تختہ ہو گیا، لگتا ہے اب شہباز شریف کی باری آنے والی ہے۔

رضا رومی کا کہنا تھا کہ صورتحال یہ ہے کہ اب حکومت کی جانب سے تمام تر کوششوں کے باوجود بھی جب آئی ایم ایف کی جانب سے ڈیل پیکج جاری نہیں کیا جا رہا تو اب آرمی چیف امریکا سے کہہ رہے ہیں وہ اس رقم کے اجرا کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ پر دبائو ڈالے۔

نیا دوری ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں ملک کی معاشی، سیاسی صورتحال اور آئندہ کے منظر نامے پر اپنا سیاسی تجزیہ پیش کرتے ہوئے رضا رومی نے کہا کہ آرمی چیف نے نائب امریکی وزیر خارجہ وینڈی شرمین کو جو فون کیا ہے، اس کا یقیناً نتیجہ نکلے گا کیونکہ امریکی اپنے پرانے اتحادیوں کو ہرگز ناراض نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر 7 ستمبر کو فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے۔ اور پھر دما دم مست قلندر ہونے کا امکان ہے۔ رضا رومی نے سوال اٹھایا کہ کہ وزیراعظم شہباز شریف کو کیا یہ سب کچھ دکھائی نہیں دے رہا۔ پہلے ان ہی مقدمات کے اوپر عدالتوں نے سوموٹو لئے تھے۔ اس کے بعد اب پے در پے پر ان پر وار ہو رہے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب ان کے سیاسی حریف کو کھلی چھٹی دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے پی ٹی آئی کے اکائونٹس میں آئیں، ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ اور کوئی انکوائری نہیں ہے۔ فارن فنڈنگ کے کیس میں ان کیخلاف فیصلہ آنے لگے تو وہ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کر دیتے ہیں۔ یعنی ان کو مکمل چھوٹ ہے جبکہ وہ وزیراعظم جو صلح صفائی کرکے اور ہاتھ جوڑ کر اقتدار میں پہنچا ہوا ہے، اس کیساتھ اب یہ کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کے سامنے سوال رکھا کہ آپ اس بارے میں کیا دیکھ رہے ہیں کہ ملک میں کیا ہونے جا رہا ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا علم نہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف کو یہ تمام چیزیں دکھائی دے رہی ہیں یا نہیں لیکن یقینی طور پر یہ ان کیلئے ایک پریشان کن صورتحال ہے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صوبہ پنجاب کی حکومت سے محروم ہو چکے ہیں۔ اور اب 7 ستمبر کو ان پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اس کے بعد کیا ہوگا؟ کیا وہ پاکستانی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہونگے جن پر اقتدار میں ہوتے ہوئے فرم جرم عائد ہوگی، کیس بھی چلے گا اور گرفتاری بھی ہوگی۔
مزیدخبریں