ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کی طرف سے پی آئی اے کے یورپی ممالک کیلئے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کیلئے معطل کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی رات 12 بجے یونیورسل ٹائم (یو ٹی سی) کے مطابق ہو گیا۔ تاہم اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جا سکے گی۔
اس سلسلے میں حکومتی اور انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کے نتیجے میں اس معطلی کو جلد از جلد بحال کروایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کی تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ ہو گئی ہیں۔ پی آئی اے کی بکنگ رکھنے والے مسافر اسے مؤخر کرواسکتے ہیں یا چاہیں تو ریفنڈ حاصل کرلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے یورپی فضائی سیفٹی کے ادارے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ حکومت اور انتظامیہ کے اقدامات کے نتیجے میں یہ معطلی جلد ختم ہوجائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملے اور فیصلے کے خلاف 2 ماہ میں اپیل دائر کی جاسکے گی۔