کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تدفین کے لیے 5 قبرستان مختص

01:20 PM, 30 Mar, 2020

نیا دور
کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات کے پیش نظر کراچی میں وائرس کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تدفین کے لیے پانچ قبرستان مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر کی زیر سربراہی آج کراچی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تدفین سمیت متعدد اہم معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی شہر کے پانچ قبرستانوں میں تدفین کی جائے گی۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی محمد شاہ قبرستان، سرجانی قبرستان، مواچھ گوٹھ قبرستان، کورنگی نمبر  6 اور اورنگی ٹاؤن گلشن ضیاء میں تدفین کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وائرس کے پیش نظر تدفین کے لیے آنے والی میت کو حفاظتی انتظامات کے ساتھ لایا جائے گا۔ تدفین کے لیے جنازے کے ساتھ صرف چند قریبی رشتہ دار ہی شامل ہو سکیں گے جبکہ قبرستان میں میت کے آخری دیدار کی اجازت نہیں ہو گی۔



یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی کے اکثر قبرستان پہلے ہی مکمل طور پر بھر چکے ہیں اور ان میں تدفین کی جگہ نہیں اور ایسے میں محض پانچ قبرستانوں کو کرونا سے مرنے والے کے لیے مختص کیے جانے سے تدفین میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 1600 سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک 21 افراد وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ شہروں کی بات کی جائے تو سب سے زیادہ اموات بھی کراچی میں ہوئی ہیں جہاں پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
مزیدخبریں