ایکسپریس نیوز کے ذرائع کے مطابق اسپیکر پرویز الٰہی تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر استعفیٰ نہیں دیں گے۔ وہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے پر رہتے ہوئے ہی وزیراعلیٰ کا ووٹ لیں گے، اعتماد کا ووٹ مل جانے کی صورت میں اسپیکر کے عہدے سے مستعفی ہونگے۔
ذرائع کے مطابق ایوان سے اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے تو بطور اسپیکر کام جاری رکھیں گے۔ آئین کے تحت اسپیکر کا عہدہ رکھتے ہوئے اعتماد کا ووٹ لیا جاسکتا ہے، تاہم وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر آئین کی رو سے انہیں اسپیکر شپ چھوڑنا ہوگی۔
پرویز الٰہی کی نامزدگی کے بعد حکمران جماعت اسپیکر کا امیدوار تلاش کر رہی ہے اور حکومتی حلقوں میں یہ چرچا تھا کہ پرویز الٰہی اسپیکر کا عہدہ چھوڑ دیں گے، لیکن ایم کیو ایم کے اپوزیشن کے ساتھ دینے کی خبریں ہیں، پرویز الہی نے انہی خبروں کے بعد اسپیکر شپ سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔