یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر ایوان زیریں میں زور و شور سے کفایت شعاری مہم پر عمل جاری ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں اس قدر بڑے پیمانے پر بچت کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق، رواں مالی سال کے دوران 63 کروڑ روپے سے زیادہ فنڈز بچائے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریرٹ نے حالیہ سادگی مہم کے بارے میں وزارت خزانہ کو آگاہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ ایوان کفایت شعاری مہم کے تحت کل بجٹ کا 18 فی صد بچانے میں کامیاب رہا ہے۔
یہ رقم اراکین قوممی اسمبلی کے تحائف، خاطرمدارات اور سفری اخراجات کی مد میں بچائی گئی ہے جب کہ ارکان پارلیمان کے اندرون و بیرون ملک دوروں میں کمی سے بھی بچت ہوئی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہی ملک کو معاشی بحران سے نکالے گی اور انفرادی سطح پر کوشش کیے بنا یہ ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ملک اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے جس کی ترقی کے لیے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔