حکومت غائب،پنجاب کے غریبوں کی روٹی مزید مہنگی: فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت بڑھا دی

09:12 AM, 30 May, 2020

نیا دور

ایک جانب کرونا وائرس نے پاکستان کے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے تو دوسری جانب  پنجاب کی فلور ملوں نے آٹے کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے غریب کے لئے روٹی کا حصول مزید مشکل کر دیا ہے ۔ 


فلورملز ایسوسی ایشن کے مطابق آٹے کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد 20 کلو کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 900 روپے جب کہ پرچون میں 925 روپے ہوجائےگی۔


فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں 20 کلو والا تھیلا 50 سے 60 روپے مہنگا کیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق صوبے میں گندم کی قیمت بڑھ کر 1600 روپے من ہوگئی ہے جس کے باعث آٹے کی قیمت بڑھانا پڑی ہے۔


دوسری جانب  صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ فلورملوں کو آٹا مہنگا نہیں کرنے دیں گے اور جو ملیں ایسا کریں گی ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔


یاد رہے کہ نیا دور نے 19  مئی کو اپنی ایک رپورٹ میں آنے والے سیزن میں گندم کی زبردست قلت کی خبر دی تھی۔ اس خبر کے مطابق اگلے سال کی گندم کی فصل کے بیج کیلئے جو گندم مختلف اضلاع میں خصوصی طور پر بیج کمپنیوں اور عام کسانوں کی جانب سے  معمول کے مطابق محدود رقبے پر  کاشت کی گئی تھی، محکمہ خوراک متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ذریعئے غیرقانونی طور پر دھونس اور زبردستی  کے ساتھ عام  خوراک کے مقصد کیلئے کھیتوں سے اٹھا رہا ہے۔

جس کے بعد  فوڈ ڈیپارٹمنٹ ذرائع کے مطابق اب خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ اگلے سال گندم کی فصل میں 30 فیصد سے زائد کی کمی ہوجائے گی جس کی وجہ سے صوبے میں گندم کا بڑا بحران پیدا ہوجائے گا۔ نیا دور کو فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، وہاڑی، لودھراں ساہیوال ، پاکپتن اور اوکاڑہ کے اضلاع میں سروے سے معلوم ہوا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے زبانی احکامات پر محکمہ خوراک کے اہلکار اور افسران درمیانے درجے کے کاشتکاروں کے پاس جمع شدہ بیج اور گھریلو استعمال کے لئے جمع شدہ گندم بھی  اٹھوا رہے ہیں۔ 
مزیدخبریں