’میرا ابو اور ماموں بک سکتا ہے حسان نیازی نہیں بک سکتا‘

12:43 PM, 30 May, 2020

نیا دور
اداکارہ عظمیٰ خان پر ملک ریاض کی بیٹیوں کی جانب سے کیے گئے تشدد کے معاملے پر ان کا کیس لڑنے والے وکیل حسان نیازی نے ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ابو اور ماموں بک سکتا ہے، حسان نیازی نہیں بک سکتا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بھانجے، معروف تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کے بیٹے اور اداکارہ عظمیٰ خان کے وکیل حسان نیازی نے ایک ویب چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف عظمیٰ خان کا کیس لڑنے کا آغاز کیا ہے، مجھے فون پر اطلاع دی جاتی ہے کہ ہمارے لوگ بکتے جا رہے ہیں۔

عظمیٰ خان کے معاملے پر حسان نیازی نے مخالفین پر واضح کیا کہ وہ بکنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرا ابو (حفیظ اللہ نیازی) اور ماموں ( عمران خان) بک سکتا ہے، حسان نیازی نہیں بک سکتا۔

انٹرویو میں مزید بات کرتے ہوئے حسان نیازی نے انکشاف کیا کہ ان کے لوگ 2 سے 4 کروڑ میں بک رہے ہیں۔ اس واقعے کے بعد عام آدمی نے اپنی قیمت لگا لی ہے۔ مجھے بھی یہی کہا جا رہا ہے کہ تم بھی پیسے لو اور سائیڈ پر ہو جاؤ۔

حسان نیازی کا کہنا تھا کہ میں ایک کرائے کے گھر میں رہتا ہوں، میں چاہوں تو مجھے پلاٹ اور گھر کی آفر کی گئی ہے، لیکن میں انصاف کے لئے کھڑا ہوں، مجھے کچھ نہیں چاہیے۔

اس کے علاوہ حکومت اور پنجاب پولیس پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک ریاض کے گھٹنوں میں بیٹھ گئی ہے، ہماری پولیس ملک ریاض کے پاؤں کی میل بن گئی ہے۔

پولیس کے بارے میں مزید بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اطلاع دی گئی کہ پولیس کے دو افسران ملک ریاض کے گھر کی طرف جا رہے تھے لیکن آدھے راستے میں ہی شاید انہیں کچھ نظر آگیا یا انہیں بھی خرید لیا گیا، وہ بھی واپس آ گئے۔

خیال رہے کہ چاند رات اداکارہ عظمیٰ خان کے گھر پر ملک ریاض کی بیٹیوں نے مسلح افراد کے ہمراہ حملہ کیا تھا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔

https://youtu.be/yt_GRe4Wtps?t=243
مزیدخبریں