گورنر پنجاب کی تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف، لاہور ہائیکورٹ کے معزز جج صاحبان، پارلیمنٹیرینز سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر بلیغ الرحمان کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن اپنے منصب کو عوام کی فلاح کیلئے استعمال کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے۔ آئین سے کھلواڑ کرنے والوں نے نا صرف وزیراعلیٰ بلکہ گورنر کے حلف میں بھی رکاوٹیں ڈالیں۔ آج قانون اور آئین کی بالادستی قائم ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت نے بلیغ الرحمٰن کی گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دیدی
واضح رہے کہ صدر عارف علوی نے بلیغ الرحمان کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 101 (1) کے تحت دی تھی۔
7 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کے لیے صدر مملکت کو ارسال کیا گیا تھا، تاہم صدر مملکت نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی سمری کو مسترد کر دیا تھا۔
سمری مسترد کرنے وقت صدر مملکت نے موقف دیا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا، موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں۔