ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی کامیابی پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ٹیلی فون پر انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نومنتخب صدر کے ساتھ گفتگو میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے۔ گذشتہ دو دہائیوں میں آپ کی قیادت میں ترکیہ نے نمایاں ترقی کی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کی دانشمندانہ اور بصیرت افروز قیادت میں ترکیہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر اپنا سفر اسی رفتار سے جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا مجھے یقین ہے کہ ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن واستحکام کے لئے اپنا اور بھی زیادہ مؤثر کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور ترکیہ کے مابین خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے میں آپ کی ذاتی وابستگی باعث تقویت اور باعث اطمینان ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم پر کاربند ہیں۔ دونوں ممالک کی اعلیٰ سطحی سٹریٹیجک کوآپریٹو کونسل کے ساتویں اجلاس کے جلد انعقاد کے خواہاں ہیں۔ اجلاس میں شرکت کے لئے آپ کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کے لئے چشم براہ ہوں۔ آپ کی آمد دونوں برادر ممالک کی کثیرالجہتی شعبوں میں سٹریٹیجک شراکت داری کے مزید فروغ کا باعث ہوگی۔
ترکیہ کے نو منتخب صدر رجب طیب اردوان نے وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان نے 52.16 فیصد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کر لی ہے اور وہ اگلے 5 سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہو گئے ہیں۔