ملتان جلسہ ہر صورت ہوگا ،کہیں نہیں جائیں گے، کنٹینروں کی ایسی تیسی کردیں گے: مولانا فضل الرحمان

10:45 AM, 30 Nov, 2020

نیا دور

ملتان: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ ملتان جلسہ ہر صورت ہوگا ،کہیں نہیں جائیں گے، کنٹینروں کی ایسی تیسی کردیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ جوبھی حالات ہوں ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں اور ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔


ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جلسہ ہرصورت کریں گے اور جلسہ ہونے تک ملتان میں رہیں گے، یہیں ڈیرہ جمائیں گے، جوبھی حالات ہوں ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں جب کہ ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔


انہوں نے کہا کہ انصار الاسلام ہمارے رضاکار ہیں اور تنظیمی امور پر مامور ہیں، جلسے کے انتظام کے لیے انصار الاسلام کے رضاکار بھرپور کردار اداکررہے ہیں۔


ایک سوال کے جواب میں پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ  وہ ہمیں ماریں گے بندوقوں سے تو ہم انہیں ڈنڈوں سے بھی نہ ماریں، کیا  ہم مردہ لاشیں ہیں جو خاموش بیٹھے رہیں گے؟ ہم زندہ ہیں، کوئی رکاوٹ کام نہیں آئے گی، نا موبائل فون نا انٹرنیٹ کی بندش کام آئے گی، ہم جلسہ گاہ کی طرف جائیں گے، دیکھتےہیں کہاں کہاں رکاوٹیں ہیں، وہیں پر اس سے نمٹیں گے۔


 اس سے قبل حکومت نے کینٹینز لگا کر جلسہ گاہ کے اطراف راستے بند کر دئیے علاوہ ازیں رات گئے سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنان کی گرفتاریاں بھی جاری ہیں۔
مزیدخبریں