میرے جاننے والے ایک خاندان کو 20 ووٹوں کا ایک لاکھ روپیہ دیا گیا، عارف حمید بھٹی کا انکشاف

04:14 PM, 30 Nov, 2021

نیا دور
عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ووٹوں کی خرید وفروخت کی سامنے آنے والی ویڈیو بالکل سچی ہے۔ میرے جاننے والے ایک خاندان کو 20 ووٹوں کا ایک لاکھ روپیہ دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ این اے 133 میں ووٹوں کی مبینہ خرید وفروخت کا اب الیکشن کمیشن نے بھی نوٹس لے لیا ہے، تاہم میرا بس چلے تو میں اس پر ایسا ٹرائل کروں کہ دنیا دیکھے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ گذشتہ ساڑھے 3 سال سے ووٹ کو عزت دو کی جدوجہد کی جا رہی ہے، کیا نوٹ لے کر ووٹ دو بھی اسی زمرے میں آتا ہے؟۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 133 کی سیٹ پکی مسلم لیگ (ن) کی ہے، وہ یہاں الیکشن جیت جائے گی لیکن یہ ویڈیو بھی سچی ہے۔



خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 133 میں ووٹوں کی مبینہ خریداری سے متعلق ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے۔ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر زیر گردش ویڈیو کے معاملے پر مختلف حکام کو مراسلے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔

ریٹرننگ افسر نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور آئی جی پنجاب کو مراسلہ بھیج کر 30 نومبر تک معلومات طلب کر لی ہیں۔ اس کے علاوہ چیئرمین نادرا اور چیئرمین پیمرا کو بھی مراسلہ بھیجا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر وڈیو گردش کر رہی ہے۔ ڈی سی لاہور اور آئی جی پولیس اس کا فرانزک کروا کر سچائی معلوم کریں، جبجہ ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت بھی کی جائے۔
مزیدخبریں