پاکستان سے کانٹے دار مقابلے کے بعد ہارنے والے افغان کپتان میچ کے بعد پریس کانفرنس کرنے آئے تو پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ "پاکستان سے ہارنے کے بعد آپ اپنے ملک واپس جائیں گے تو کوئی خطرہ ہے؟"
اس سوال پر محمد نبی نے کہا کہ آپ کرکٹ کے حوالے سے سوال پوچھیں، حالات کو وہیں پر چھوڑ دیں، ہم ورلڈ کپ کی پوری تیاری کرکے پورے اعتماد کے ساتھ آئے ہیں، ایسی کوئی بات نہیں ہے۔
اسی صحافی نے ایک اور سوال پوچھا کہ اب پاکستان کے ساتھ افغانستان کے تعلقات بہتر ہیں تو کیا اس سے افغان کرکٹ کو کوئی فائدہ ہوگا۔ محمد نبی نے اس سوال پر بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ یہ کرکٹ سے متعلق سوال نہیں ہے۔
صحافی بھی بضد رہا لیکن محمد نبی بھی غصے میں آگئے تو وہ پریس کانفرنس سے اٹھ کر چلے گئے۔ اس طرح کے سیاسی نوعیت کے سوالوں کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نمائندے نے مداخلت کرتے ہوئے محمد نبی کی پریس ٹاک ختم کردی۔
https://twitter.com/Wabbasi007/status/1454161399412838405
خیال رہے کہ ورلڈ کپ ٹی 20 کے گروپ 2 میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنلسٹ کی فہرست میں اپنی جگہ مضبوط کرلی ہے۔
افغان ٹیم کا 148 رنز کا ہدف گرین شرٹس نے 5 وکٹ پر ایک اوور قبل ہی حاصل کرلیا، آصف علی نے19ویں اوور میں 4 چھکے لگاکر میچ جتوادیا، انہیں 7 گیندوں پر برق رفتار 25 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔