انڈین شہری نے موبائل فون خریدنے کیلئے بیوی بیچ ڈالی

12:45 PM, 30 Oct, 2021

نیا دور

اںڈیا میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شہری نے موبائل فون خریدنے کیلئے اپنی بیوی کو فروخت کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔


انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجھستان میں پیش آیا۔ ملزم شوہر کی عمر محض 17 سال ہے جبکہ اس کی اہلیہ کی عمر 26 سال بتائی جا رہی ہے۔ دونوں کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔


دونوں شادی کے بعد گھومنے پھرنے دوسرے شہر گئے تو خاتون کے شوہر نے موبائل خریدنے کے لالچ میں اسے ایک 55 سالہ شخص کے ہاتھ فروخت کر دیا اور لگ بھگ ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم لے کر رفوچکر ہو گیا۔


ملزم اپنی بیوی کو فروخت کرنے کے بعد مختلف شہروں میں سیر سپاٹے کرتا رہا۔ اس نے اس رقم سے سب سے پہلے ایک موبائل فون خریدا جبکہ باقی پیسے عیاشی میں اڑا دیئے۔


مذکورہ نوجوان جب اکیلے گھر واپس پہنچا تو اس نے کہانی گھڑی کے اس کی بیوی کسی غیر مرد کے ساتھ بھاگ گئی ہے۔


تاہم گھر والوں نے شک گزرنے پر سارے معاملے کی پولیس کو رپورٹ درج کرا دی۔ پولیس نے روایتی طریقے سے ملزم سے تفتیش کی تو اس نے ساری حقیقت اگل دی۔


ملزم کی نشاندہی پر پولیس خاتون کو لینے راجھستان کے علاقے پاران پہنچی تو اس شخص نے اسے واپس کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پیسے خرچ کئے ہیں، میری رقم مجھے واپس دو اور اپنی عورت کو واپس لے جائو۔


پولیس نے جب رقم کے بارے میں ملزم سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ وہ تو اس سے موبائل فون خرید چکا ہے جبکہ باقی پیسے بھی خرچ کر ڈالے ہیں۔

مزیدخبریں