الیکشن کمیشن تیار ہے، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے: چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کا وقت قریب ہے۔ سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے۔ نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے مکمل سپورٹ کریں گے۔  پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔  30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

02:44 PM, 30 Oct, 2023

نیا دور

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہےکہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے اور الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے۔ سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ممبران اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں عام انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی اور اس دوران عام انتخابات کے پرُامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

عام انتخابات کے سلسلے میں نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لیے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ انتخابات کا وقت قریب ہے۔ سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے مکمل سپورٹ کریں گے۔  پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔  30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

اس سے قبل، 27 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سےجاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت نے بروز بدھ نجی چینل پر انٹرویو کے دوران الیکشن کےانعقاد کے بارے میں تبصرہ کیا۔ ان کے بیانات کی وجہ سے یہ تاثر گیا ہے کہ شاید الیکشن ملتوی ہو جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اس تاثر کو زائل کرنے کے لیے اس کی پرزور تردید کرتا ہے کہ الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی امکان ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن پہلے ہی پوزیشن واضح کر چکا ہے۔ حلقہ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اعتراضات دائر کرنے کا دوسرا مرحلہ کل یعنی 27 اکتوبر 2023 کو مکمل ہو جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے ساتھ ہی ابتدائی حلقہ بندی پر اعتراضات کی سماعت الیکشن کمیشن 30/31 اکتوبر سے شروع کرے گا اور 30 نومبر 2023 کو الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کے لیے ایکشن پلان کے مطابق الیکشن کمیشن کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور حلقہ بندی کی حتمی اشاعت کے بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔ اس میں کسی قسم کا ابہام نہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل صدر عارف علوی نےنجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے جنوری میں انتخابات کے حوالے سے  کہا تھا کہ جنوری میں انتخابات پر مجھے اعتماد نہیں ہے لیکن جب سپریم جوڈیشری نے اس بات کو نظر میں لے لیا ہے تو مناسب فیصلہ آئے گا۔

صدر پاکستان عارف علوی نے کہا کہ جب چاروں صوبائی اسمبلیاں، قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مدت مکمل ہونے پر ہی صدر کا انتخاب ہوگا اور یہ خلا پاکستان کے لیے غیرمناسب ہے کہ میں چھوڑ کر چلا جاؤں کیوں کہ آئین نے اس کا اہتمام کیا ہوا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان مشکلات سے گزر کر بھی جمہوریت کے راستے پر چلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو اپنا لیڈر قرار دیتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے پاس عمران خان سمیت تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کا بیانیہ آگے بڑھانے کا اچھا موقع ہے جو انہیں عوام نے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کو لکھے گئے دو خطوط میں فرق کے حوالے سے سوال پر صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت میں نے خط میں لکھا تھا کہ انتخابات نہ کرانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں اس لیے میں نے اس خط میں واشنگٹن پر حملے کی مثال دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس صورت حال میں بھی وہاں انتخابات ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے خط میں لکھا تھا کہ ابراہم لنکن کو لوگوں نے کہا کہ ملک میں خانہ جنگی ہے تو انتخابات کیسے ہوں گے لیکن اس کے باوجود بھی انہوں نے کہا کہ انتخابات ہر حال میں ہوں گے لیکن اس خط کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

انتخابات ترمیمی بل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں صدر نے کہا کہ جب اس کی منظوری دی گئی تھی تو وہ حج کے لیے ملک سے باہر تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 57 (1) کو تبدیل کیا گیا مگر میں نے اس پر دستخط نہیں کیے۔ میں حج پر گیا ہوا تھا لیکن واپس آنے تک قائم مقام صدر نے اس ایکٹ پر دستخط کرلیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قائم مقام صدر (صادق سنجرانی) پہلے ہی اس پر دستخط کر چکے تھے۔ اگر میں ایوان صدر میں ہوتا تو میں اس پر دستخط نہ کرتا۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات ہوجائیں۔ جس میں سب کو حصہ لینے کا موقع ملے۔

مزیدخبریں