پیرس اولمپکس، ایتھلیٹس ولیج میں حجاب پہننے پر کوئی پابندی نہیں:آئی او سی

فرانسیسی وزیر کھیل ایمیلی اوڈیا کاسٹیرا نے رواں ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ سیکولرازم کے اصولوں کے احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے فرانسیسی ایتھلیٹس کو پیرس گیمز کے دوران حجاب پہننے سے روک دیا جائے گا۔

05:53 PM, 30 Sep, 2023

نیا دور
پیرس اولمپکس، ایتھلیٹس ولیج میں حجاب پہننے پر کوئی پابندی نہیں:آئی او سی

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کا کہنا ہے کہ پیرس 2024 کے اولمپک گیمز کے ایتھلیٹس ولیج میں ایتھلیٹس کسی پابندی کے بغیر حجاب پہن سکیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اولمپکس کی انتظامیہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے موقع پر جاری کیا گیاہے  جب چند روز قبل ہی فرانسیسی وزیر کھیل نے کہا تھا کہ پیرس اولمپکس میں فرانسیسی ایتھلیٹس کے حجاب پہننے پر پابندی ہوگی۔

تاہم انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہمیں فرانس کی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے اور ہم اس سلسلے میں فرانسیسی اولمپکس کمیٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

فرانسیسی وزیر کھیل ایمیلی اوڈیا کاسٹیرا نے رواں ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ سیکولرازم کے اصولوں کے احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے فرانسیسی ایتھلیٹس کو پیرس گیمز کے دوران حجاب پہننے سے روک دیا جائے گا۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کا کہنا ہے کہ اولمپک ولیج میں انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی ( آئی او سی ) کے قوانین لاگو ہوتے ہیں لہٰذا حجاب یا کوئی اور مذہبی یا ثقافتی لباس پہننے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

اولمپک گیمز میں شرکت کرنے والے تقریباً 10ہزار ایتھلیٹس میں سے اکثر اولمپک ولیج کے اپارٹمنٹس میں رہتے ہیں اور ڈائننگ ہالز اور تفریحی مقامات سمیت کئی جگہوں پرایک ساتھ نظر آتے ہیں۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ جب مقابلوں کی بات آتی ہے تو متعلقہ بین الاقوامی فیڈریشن کے مقرر کردہ ضوابط لاگو ہوتے ہیں۔ اولمپکس میں کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام اور نگرانی انفرادی بین الاقوامی کھیلوں کی فیڈریشنز کرتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق چونکہ فرانسیسی ضابطے کا تعلق صرف فرانسیسی ٹیم کے ارکان سے ہے۔ اس لیے ہم فرانسیسی کھلاڑیوں کے حوالے سے صورتحال کو مزید سمجھنے کے لیے فرنچ اولمپک کمیٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ فرانسیسی قانون سیکولرازم کے معیارات پر سختی سے کاربند رہنے کو یقینی بناتا ہے اور مذہبی لباس کے مسئلے کو اس میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

فرانس کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں کو حجاب پہننے سے روکنے کے فیصلے کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

پیرس گیمز کے پروگرام میں 32 کھیل شامل ہیں۔   پیرس آئندہ سال 26 جولائی سے 11 اگست تک اولمپکس کی میزبانی کرے گا۔

مزیدخبریں