Type to search

خبریں دہشت گردی قومی

کراچی میں حساس اداروں کی کارروائی، شیعہ تنظیم زینبیون کے مبینہ دہشتگرد گرفتار

کراچی میں حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث کالعدم شیعہ تنظیم زینبیون کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے چورنگی سائٹ کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے سید کامران حیدر زیدی عرف کامی ولد سید اقبال حیدر زیدی اور سید علی رضا عرف بوبی ولد سید علی نجف کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بمعہ 10 گولیاں، ایک ٹی ٹی پستول اور 4 گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے قبائلی علاقے پارہ چنار میں دہشتگردی کی تربیت حاصل کی ہے۔ ملزمان نے کراچی میں فرقہ وارانہ کلنگ کے بڑے مقدمات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

ملزمان کا تعلق کالعدم شیعہ تنظیم زینبیون سے ہے، ملزم کامران حیدر زیدی داعش کے خلاف لڑائی کے لیے شام بھی جا چکا ہے۔ حساس اداروں کا کہنا ہے کہ ملزمان اب کسی بڑی کارروائی کی تیاری کر رہے تھے کہ انہیں بروقت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گرفتار ملزمان جولائی 2007 میں قتل ہونے والے اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ممبر ایگزیکٹو کونسل واصف عزیز کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

Tags:

You Might also Like

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *