پریس کی آزادی کا معاملہ، سپریم کورٹ کا ہر ریاستی عہدیدار کو نوٹس دینے کا فیصلہ

09:04 AM, 31 Aug, 2021

نیا دور
سپریم کورٹ نے ہر ریاستی ادارے کو نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں احساس دلایا جائے کہ عدالت جائرہ لے رہی ہے اور ان میں سے ہر ایک سے انکوائری کرے گی کہ اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی کو یقینی بنانے کا آئینی فرض کیوں پورا نہیں کیا جا رہا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت نے صحافیوں کو ہراساں کرنے سے متعلق ایک درخواست کی سماعت کی جب کہ درخواست گزار عامر میر نے اپنی درخواست واپس لے لی لیکن جسٹس منیب اختر نے ریماکس دیے کہ عدالت ازخود نوٹس لے کرسماعت جاری رکھے گی یہاں تک کہ اگر کمرہ عدالت خالی ہو گا تب بھی سماعت جاری رہے گی کیونکہ اس میں صحافیوں کے بنیادی حقوق شامل ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ ہر ریاستی عہدیدار کو نوٹس دے گی تاکہ انہیں احساس دلایا جائے کہ عدالت جائرہ لے رہی ہے اور ان میں سے ہر ایک سے انکوائری کرے گی کہ اظہار رائے اور پریس کی آزادی کو یقینی بنانے کا آئینی فرض کیوں پورا نہیں کیا جا رہا۔

روزنامہ ڈان کی خبر کے مطابق اس دوران جسٹس قاضی محمد امین احمد نے ریماکس دیے کہ ججوں کی طرح صحافیوں پر بھی لازم ہے کہ وہ سیاست میں ملوث نہ ہوں اور اپنے پیشے کو شائستگی اور اخلاقیات کے ساتھ جاری رکھیں۔

قبل ازیں سینئر صحافی عبدالقیوم صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں ، متاثرین کو قیامت کے دن انصاف ملے گا جنہوں نے ان پر ظلم کیے اور جب ظالموں کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے سزا ملے گی ، میں درخواست واپس لے رہا ہوں کیوں کہ 20 سے 26 اگست تک گزشتہ ہفتے کے واقعات ملک کی عدالتی تاریخ میں افسوسناک تھے۔

دوسری جانب سینئر صحافی عامر میر نے اپنی درخواست میں لکھا کہ وہ جانتے ہیں کہ انہیں انصاف نہیں ملے گا کیوں کہ ’پوشیدہ‘ عناصر جو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو دھمکانے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں، وہ ایف آئی اے سے زیادہ طاقتور ہیں، جنہوں نے انہیں اغوا اور گرفتار کیا اور انہیں دو برس سے ہراساں کررہے ہیں۔

دوران سماعت جسٹس اعجازالاحسن نے ریماکس دیے کہ یہ غیر ضروری ہے کہ درخواست گزاروں نے اپنی درخواست واپس لے لی ہے کیونکہ چیف جسٹس کی جانب سے معاملے کو طلب کیے جانے کے بعد عدالت نے صورتحال کا نوٹس لیا ، عدالت درخواست گزاروں کے بیان کا خیر مقدم کرے گی اور اگر وہ موقف پیش نہیں کرتے تو عدالت ریاستی عہدیداروں سے جواب طلب کرے گی کہ آئین کے تحت شہریوں اور صحافیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کیوں کی جا رہی ہے ، اگر درخواست دہندگان کارروائی کے ساتھ منسلک نہیں ہونا چاہتے تو یہ ان کی پسند ہے کیونکہ یہ ایک آزاد ملک ہے اور انہیں عدالت سے رجوع کرنے یا نہ کرنے کی آزادی ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے ایجنسی ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین اور اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل کو آئندہ سماعت 15 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے نوٹس جاری کردیے ، اس کے علاوہ عدالتی دفتر کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق اسی طرح کے کیس میں کارروائی کی مکمل رپورٹ اور درخواست کی ایک کاپی جو ہائی کورٹ زیر سماعت ہے، اسے حاصل کی جائے۔

اسی طرح عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے آزادی صحافت سے متعلق مسائل کی نشاندہی کرنے اور پی اے ایس کے صدر امجد بھٹی سے کہا کہ وہ صحافیوں کو ہراساں کرنے کی مخصوص کیسز کے ساتھ مکمل فہرست پیش کریں ، کیس کی دوبارہ سماعت 15 ستمبر کو ہوگی۔
مزیدخبریں