پی ڈی ایم کنفیوز ہے، امید ہے اس بار پہلے استعفے پھر مارچ کریں گے: بلاول بھٹو

04:23 PM, 31 Aug, 2021

نیا دور
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پر تنقیدکرتے ہوئےکہا ہےکہ پی ڈی ایم والے کنفیوز ہیں، اپوزیشن میں اگر کنفیوژن ہوگی تو عوام بھی کنفیوز ہوگی۔
کشمور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ جب تک پی ڈی ایم پیپلز پارٹی کے مشورے پر چل رہی تھی تو اسے کامیابیاں مل رہی تھیں، اپوزیشن سنجیدہ ہےتوپہلے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکے خلاف پھر وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لائے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ اگرپی ڈی ایم کی نیت صاف ہے تواستعفیٰ دیں اورلانگ مارچ کریں، نیت صاف ہو توکامیابی ملے گی، پی ڈی ایم کے لیے دعاگو ہیں، پی ڈی ایم ہمارا ساتھ دے اوربزدارکے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے، اگرپی ڈی ایم والے نہ استعفیٰ دیں گے نہ عدم اعتماد لائیں گے توعوام ان کوپہچان لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام پہچان جائیں گےکہ پی ڈی ایم والے ان کا وقت ضائع کر رہے ہیں، پی ڈی ایم والوں نے ہمارا بھی وقت ضائع کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کا اعلان پہلے بھی کیا تھا، مگر عین وقت پرکہا گیا کہ استعفوں کے بغیرلانگ مارچ بنتا نہیں،امید ہے اب پی ڈی ایم والے پہلے استعفے دیں گے پھر لانگ مارچ کے لیے نکلیں گے۔

پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لاکھوں کی تعداد میں عوام کے ساتھ اسلام آباد جانے کا اعلان کر دیا۔
باغ جناح کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کی قیادت میں لاکھوں کا سمندر لے کر اسلام آباد جائیں گے اور حکومت کو دفن کریں گے۔
وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے سندھ کے لیے 162 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا لیکن چند ٹکوں کے علاوہ سندھ کو کوئی رقم فراہم نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اپنے گھر سے ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر دفتر جاتے ہیں، ساڑھے 300 کنال کے محل میں بیٹھ کر ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، اس سے بڑی کوئی خطا نہیں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔
مزیدخبریں