سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس میں آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر جلد متعارف کرانے کا اعلان

ایلون مسک نے بتایا کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کرنے کے لیے کسی فون نمبر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

03:03 PM, 31 Aug, 2023

نیا دور

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ( ٹویٹر) میں آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر جلد متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایلون مسک نے ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر جلد صارفین کو دستیاب ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیچر اینڈرائیڈ، آئی او ایس، میک اور ونڈوز کمپیوٹر پر کام کرے گا۔

ایلون مسک نے بتایا کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کرنے کے لیے کسی فون نمبر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ وہ فیچر ہے جس کا حوالہ حالیہ مہینوں میں کئی بار کمپنی کی جانب سے دیا گیا۔

سب سے پہلے مئی 2023 میں ایلون مسک نے اس فیچر کو متعارف کرانے کی بات کی تھی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس فیچر کو متعارف کرانے کے بعد ہر صارف کسی بھی فرد سے دنیا بھر میں فون نمبر کے بغیر آڈیو یا ویڈیو کال پر بات کر سکے گا۔

بعد ازاں جولائی 2023 میں ٹویٹر کی ڈیزائنر اینڈریا کانوے نے اس فیچر کی ایک جھلک پیش کی تھی۔

انہوں نے ایک ایکس پوسٹ میں سکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس میں ویڈیو چیٹ کے فیچر کو استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

بعد ازاں اگست کے شروع میں ایکس کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں بہت جلد ویڈیو کالز کے فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کیا۔

ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ایکس کی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں ویڈیو کالز کے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

یہ نئی تبدیلیاں ایلون مسک کی جانب سے ایکس کو سپر ایپ بنانے کے اقدامات کا حصہ ہیں۔

ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ایکس کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔

ایلون مسک کو توقع ہے کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر سے مزید افراد کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لانے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں